Friday , January 19 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ، آندھرااور اڈیسہ کے 22 ویب سائیٹس کی ہیکنگ

تلنگانہ ، آندھرااور اڈیسہ کے 22 ویب سائیٹس کی ہیکنگ

پاکستانی ہیکر کی کارستانی ، کشمیر اور پاکستان کے مواد کی پیشکشی

پاکستانی ہیکر کی کارستانی ، کشمیر اور پاکستان کے مواد کی پیشکشی
حیدرآباد۔/7نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن نے زائد از 22سرکاری ویب سائیٹس کو پاکستان کے نامعلوم ہائیکرس کی جانب سے ہائیک کرلئے جانے کا پتہ چلایا ہے۔ حکومت ہند کے علاوہ تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ویب سائیٹس کو ہائیک کئے جانے پر سائبر آباد پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسوسی ایشن کے ارکان نے کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند سے سرکاری ویب سائیٹس ہائیک کئے جانے کی شکایت کی۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی اسوسی ایشن کی جانب سے شکایت درج کروانے کے بعد تحقیقات کیلئے سائبر کرائمس کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر جئے رام کو ہدایت دی جس کے بعد سائبر کرائم شعبہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے مرکز کے نیشنل انفارمیٹک سنٹر ( این آئی سی) سے رابطہ قائم کیا اور سرکاری ویب سائیٹس کو ہائیک کئے جانے کی اطلاع دی۔ شکایت میں مزید بتایا گیاکہ ہائیکرس نے تلنگانہ، آندھرا پردیش اور دیگر ریاستوں کے سرکاری ویب سائٹس کو ہائیک کرتے ہوئے کشمیر اور پاکستان سے متعلق مواد اَپ لوڈ کیا۔بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ کے فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، آندھرا پردیش لیبر ویلفیر بورڈ، محکمہ زراعت کے علاوہ مرکز کے بھارت ڈائنامک لمیٹیڈ واقع کنچن باغ کی ویب سائیٹس بھی ہائیک کرنے کی اطلاع ہے۔ پاکستانی نامعلوم ہائیکرس کی جانب سے سرکاری ویب سائٹس کو ہائیک کئے جانے پر اسوسی ایشن کے صدر سندیپ کمار مکتالہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ویب سائٹس کو ہائیکنگ سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں ربط پیدا کئے جانے پر اسسٹنٹ کمشنر مسٹر جے رام نے بتایا کہ تلنگانہ آئی ٹی اسوسی ایشن کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد این آئی سی حکام سے رابطہ قائم کیا گیا ہے اور ہائیکنگ سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی سی کی جانب سے ہائیکنگ سے متعلق مواد فراہم کئے جانے پر کارروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT