Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ، آندھرا اور کرناٹک کے عازمین کیلئے علحدہ شیڈول کی تیاری

تلنگانہ ، آندھرا اور کرناٹک کے عازمین کیلئے علحدہ شیڈول کی تیاری

حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2015کیلئے سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی سے متعلق شیڈول جاری کردیا ہے۔ 2 ستمبر سے عازمین حج کی پروازوں کا آغاز ہوگا اور تلنگانہ کے عازمین پہلے مرحلہ میں روانہ ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلہ میں آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین کو روانہ کیا جائے گا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عازمین حج کیلئے علحدہ شیڈول تیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرین، عزیزیہ اور رباط زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کی بیک وقت روانگی کا نظم کیا گیا ہے تاکہ جدہ پہنچنے پر عازمین کو ان کے متعلقہ مقامات پر منتقل کرنے میں سہولت ہو۔ سابق میں تمام زمروں کے عازمین پر مشتمل فلائیٹ روانہ کی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ ہر زمرہ کی مکمل فلائیٹ روانہ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ جملہ 5303عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے جن میں تلنگانہ کے عازمین کی تعداد 2937ہے۔ کرناٹک کے 3 اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 700عازمین حیدرآباد سے پرواز کریں گے اور اننت پور، چتور اضلاع کے 540عازمین بنگلور سے روانہ ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 2، 3اور 4ستمبر کو تلنگانہ کے عازمین کی روانگی ہوگی جبکہ 5ستمبر سے آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ 6اور 7 ستمبر کو کرناٹک کے عازمین کی ایک، ایک فلائیٹ روانہ ہوگی جبکہ آخری فلائیٹ میں ویٹنگ لسٹ اور دیگر زمرہ جات کے عازمین روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 35فیصد عازمین کا تعلق گرین زمرہ سے ہے جبکہ 65فیصد عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین 4ستمبر کو روانہ ہوں گے ان کیلئے ایک مکمل فلائیٹ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ مابقی عازمین کا انتظام دوسری فلائیٹ میں کیا جائے گا۔ ہر سال سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو مفت سم کارڈ فراہم کئے جاتے رہے ہیں تاہم اس بار سنٹرل حج کمیٹی نے سم کارڈ کی فراہمی سے گریز کیا ہے۔ سعودی عرب کی دو ٹیلی فون کمپنیوں نے تلنگانہ حج کمیٹی سے ربط قائم کیا اور عازمین حج کو مفت سم کارڈ کی فراہمی کا پیشکش کیا ہے۔ اس سلسلہ میں کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت جاری ہے۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ کیمپ کے انتظامات اختتامی مراحل میں ہیں اور تیاری کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل جو امریکہ کے خانگی دورہ پر ہیں انہوں نے فون پر پروفیسر ایس اے شکور سے ربط قائم کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ عازمین کو سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ جاریہ سال تلنگانہ سے 198 اور آندھرا پردیش سے 223 عازمین نے سفر حج سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ان کی جگہ دوسرے عازمین کو منتخب کیا گیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے آندھرا پردیش حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا جس کے تحت آندھرا پردیش کے عازمین کی خدمت کے سلسلہ میں معاوضہ وصول کیا جائے گا۔طعام، قیام اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے چارجس کے علاوہ دیگر خدمات کیلئے فی کس 200روپئے چارج کئے جائیں گے۔ آندھرا پردیش حکومت نے تلنگانہ حج کمیٹی کو اس سلسلہ میں 50لاکھ روپئے بطور اڈوانس فراہم کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT