Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ‘ آندھراپردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی

تلنگانہ‘ آندھراپردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی

21ستمبر کو پہلا قافلہ حیدرآباد پہنچے گا ‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی استقبال کریں گے
حیدرآباد۔18 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی واپسی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ 21 ستمبر کی صبح کی اولین ساعتوں میں حجاج کرام کا پہلا قافلہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حجاج کرام کا استقبال کریں گے۔ ایرپورٹ کے حج ٹرمینل میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی ٹیم کل 19 ستمبر کو ایرپورٹ کا دورہ کرے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ اس دورے میں سعودی ایرلائنس، جی ایم آر، سی آئی ایس ایف، کسٹمس، ایمگریشن اور دیگر اہم محکمہ جات کے عہدیدار موجود رہیں گے۔ اس دورے کا مقصد حج ٹرمینل میں نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پہلا قافلہ 20 ستمبر کی رات مدینہ منورہ سے روانہ ہوگا اور 21 کی صبح ساڑے تین بجے حیدرآباد پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر تک قافلوں کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حج ٹرمینل میں گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کیے جارہے ہیں تاکہ حجاج کرام کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ لگیج، ایمگریشن کائونٹرس اور کسٹمس کے کائونٹرس کے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔ حجاج کرام کو زم زم کی تقسیم کے لیے علیحدہ کائونٹر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج ٹرمینل کے باہر حجاج کرام کے رشتہ داروں اور دوست احباب کے لیے واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیٹرس کے لیے وضو خانے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ فلائٹ کی آمد اور دیگر تفصیلات کے اعلان کے لیے ڈسپلے بورڈ کا انتظام رہے گا اس کے علاوہ مائک سسٹم بھی عصری بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حجاج کرام کی آمد کے ساتھ ہی انہیں کسی قدر راحت فراہم کرنے کے لیے چائے سے تواضع کی جائے گی۔ ٹرمینل میں نمازگاہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے آندھراپردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام مدینہ منورہ سے سعودی ایرلائنس کے خصوصی پروازوں سے واپس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں موجود تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور وہ واپسی کی تیاریوں میں ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT