Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسمبلی بجٹ سیشن کا آج آغاز

تلنگانہ اسمبلی بجٹ سیشن کا آج آغاز

مشترکہ اجلاس سے گورنر کا خطاب، 14مارچ کو بجٹ کی پیشکشی
حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور تلنگانہ قانون ساز کونسل کے بجٹ اجلاس کا کل یعنی 10مارچ سے آغاز ہوگا۔ بروز جمعرات 10مارچ کو صبح 11بجے اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے گورنر ریاست تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن خطاب کریں گے۔ اسمبلی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ وزیر فینانس مسٹر ای راجندر توقع ہے کہ 14مارچ کو اسمبلی میں ریاست تلنگانہ کے سالانہ بجٹ برائے سال 2016-17 کو پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق گورنر ریاست تلنگانہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے اختتام پر ایوان کی کارروائی ملتوی کردی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایوان کی کارروائی کے اختتام کے ساتھ ایوان کی کارروائی کمیٹی ( بزنس اڈوائزری کمیٹی ) کا اجلاس منعقد ہوگا تاکہ اسمبلی بجٹ اجلاس کے ایجنڈہ اور اجلاس کی مدت کا تعین کیا جاسکے۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اسمبلی احاطہ میں پولیس کے بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات کئے گئے اور ان انتظامات کا آج پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں ریہرسل بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھوسدن چاری نے مختلف اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اسمبلی بجٹ سیشن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT