Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کے لیے مرکز کو درخواست

تلنگانہ اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کے لیے مرکز کو درخواست

حیدرآباد۔19فبروری ( سیاست نیوز)  تلنگانہ حکومت نے اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیلئے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہے ۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری راجیو مشرا کو مکتوب روانہ کیاہے ۔ اسمبلی ارکان کی موجودہ تعداد کو 119 سے بڑھاکر 153 کرنے کیلئے درخواست کی گئی اور اس کیلئے مرکز کی منظوری لازمی ہے ۔ ریاست کی تقسیم سے متعلق تنظیم جدید قانون کے تحت اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کی گنجائش موجود ہے ۔ قانون میں کہا گیا ہے کہ موجودہ نشستوں کی تعداد میں نئی حد بندی کے ذریعہ اضافہ کی گنجائش رہے گی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کو دی گئی مراعات کے حصول کیلئے مرکز سے مسلسل نمائندگی کررہی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ دنوں وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ کو مراعات دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ریاست کے حل طلب مسائل اور مرکزی حکومت سے درکار تعاون کے سلسلہ میں تفصیلی یادداشت حوالہ کی تھی ۔ حکومت اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ ہائیکورٹ کی جلد تقسیم کی خواہاں ہے ۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف انڈیا نے ہائیکورٹ کی تقسیم کیلئے ججس کی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کے سلسلہ میں مرکز نے ہمدردانہ غور کا تیقن دیا اور اس مسئلہ پر باقاعدہ مکتوب روانہ کرنے کی خواہش کی تھی جس کے بعد چیف سکریٹری نے یہ مکتوب روانہ کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT