Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسکیمات کو بہار میں لاگو کرنے کا عہد

تلنگانہ اسکیمات کو بہار میں لاگو کرنے کا عہد

ڈپٹی چیف منسٹر سشیل مودی کا دورہ ۔ ریاستی حکومت کی ستائش
حیدرآباد 10 ستمبر ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر بہار سشیل کمار مودی نے تلنگانہ میں کئی فلاحی اسکیمات پر حکومت تلنگانہ کی ستائش کی اور کہا کہ کئی اسکیمات قابل تقلید ہیں۔ سشیل مودی ریاست کے سرکاری دورہ پر ہیں اور انہوں نے یہاں مختلف اسکیمات جیسے کے سی آر کٹس ‘ کراپ انوسٹمنٹ ‘ مشن بھاگیرتا ‘ مشن کاکتیہ ‘ ڈبل بیڈ روم مکانات ‘ عصری پولیس اسٹیشنوں اور دوسرے شعبہ جات میں عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا ۔ شہر میں انہوں نے پنجہ گٹہ ماڈل پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام پروگرام عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق ہیں اور کسانوں کو سال میں دو فصلوں کیلئے 8000 روپئے فراہم کرنے کا خیال بہترین ہے ۔ اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا جو مشکلات کا شکار ہیں۔ سشیل مودی نے چیف منسٹر کے سی آر کے حاصل کردہ گاووں جیسے ایراولی اور نرسنا پیٹ کا دورہ بھی کیا اور غریبوں کیلئے تعمیر کئے جا رہے ڈبل بیڈ روم مکانات کا گجویل کے کومٹی بنڈہ میں مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں ‘ کسانوں اور دوسرے طبقات کی ترقی کیلئے ریاستی حکومت کے منصوبے بہت بڑے ہیں۔ ہم یقینی طور پر کراپ انوسٹمنٹ اور عصری پولیس اسٹیشن جیسی اسکیمات کی اپنی ریاست بہار میں تقلید کرینگے ۔ سشیل مودی نے پائپ لائین ورکس ‘ واٹر ٹینکس وغیرہ کی تکمیل پر بھی طمانیت کا اظہار کیا اور کہا کہ گاووں میں بھی ہر گھر کو انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بہار نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا چندر شیکھر راؤ نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم نہیں کرسکے تو 2019 میں عوام سے ووٹ نہیں مانگیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT