Tuesday , December 11 2018

تلنگانہ انتخابات، وزرا اور دیگر عہدیداروں نے ووٹ ڈالا

حیدرآباد7دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ریاستی وزرا نے آج صبح ہی اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ریاست کے کارگزار وزیرآبپاشی ہریش راو نے سدی پیٹ میں ووٹ کا استعمال کیا ۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے استحکام اور بہتر حکومت کی تشکیل اور بہتر عوامی نمائندوں کے انتخاب کے لئے لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں 85تا90فیصد تک ووٹنگ ہوتی ہے تاہم شہری علاقوں کے عوام میں رائے دہی کا رجحان کم دیکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لوگ جتنی زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالیں گے اتنی ہی بہتر جمہوریت ہوسکے گی۔ریاست کے کارگزار وزیر عمارات وشوارع ٹی ناگیشور راو نے کھمم ضلع کے گولہ گوڑم میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔کاماریڈی ضلع کے بانسواڑہ میں وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔پروت گری میں ٹی آرایس کے لیڈر ای دیاکر راو نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔سوریہ پیٹ ضلع میں کارگزار وزیر بجلی جگدیش ریڈی نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔میدک ضلع کے رامائم پیٹ منڈل کے کانائی پلی میں ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی نے ووٹ ڈالا ۔حیدرآباد میں کندن باغ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر و حیدرآباد ضلع کے ریٹرننگ افسردانا کشور ،آئی ٹی کے سکریٹری جئیش رنجن نے بھی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔دوسری طرف تلگوفلموں کے مشہور اداکار چرنجیوی ،وینکٹیش ،الو اروند نے بھی حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔فلم اداکار ناگرجنا نے اپنی اہلیہ کے ساتھ جوبلی ہلز میں ووٹ ڈالا۔اس موقع پر چرنجیوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ووٹ کا استعمال اہمیت کا حامل ہے ۔ہم تمام کو اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مل کر ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT