Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی کل سے واپسی

تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی کل سے واپسی

شمس آباد ایرپورٹ حج ٹرمنل میں موثر انتظامات کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 19۔ ستمبر (سیاست نیوز) حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں موثر انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ٹرمنل کا دورہ کیا۔ سعودی ایرلائینس، جی ایم آر ، امیگریشن ، کسٹمس، سی آئی ایس ایف اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ عہدیداروں نے 21 ستمبر سے حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات سے واقف کرایا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی کا 21 ستمبر سے آغاز ہوگا۔ 450 حجاج پر مشتمل پہلا قافلہ 21 ستمبر کی صبح 3.50 منٹ پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا ۔ 29 ستمبر تک قافلوں کی واپسی جاری رہے گی ۔ سعودی ایرلائینس نے طیاروں کی آمد کے اوقات میں معمولی تبدیلی کی ہے۔ ٹرمنل کے دورہ کے موقع پر پروفیسر ایس اے شکور نے جی ایم آر کمپنی سے خواہش کی کہ ٹرمنل کو مکمل ایرکنڈیشنڈ کیا جائے۔ اس کے علاوہ طیارہ سے ٹرمنل تک پہنچنے کے راستے پر واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا جائے تاکہ بارش کی صورت میں حجاج کرام محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے حج ٹرمنل سے وزیٹرس ٹینٹ تک واٹر پروف شیڈ کی تجویز پیش کی تاکہ ٹرمنل سے نکلنے کے بعد حجاج بارش سے محفوظ رہ سکیں۔ وزیٹرس کیلئے 1000 افراد کی گنجائش والے ٹینٹ کی تنصیب سے اتفاق کرلیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ڈسپلے پر طیاروں کی آمد کے اوقات کی اطلاع دی جائے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ٹرمنل میں سامان کی جانچ کیلئے صرف ایک اسکریننگ بیلٹ ہے۔ انہوں نے مزید ایک کے اضافہ کی نمائندگی کی ۔ جی ایم آر کی جانب سے 400 ٹرالیوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ تاہم حج کمیٹی نے 450 حجاج پر مشتمل قافلہ کے پیش نظر 800 ٹرالیوں کے انتظام کی خواہش کی تاکہ سامان بآسانی منتقل کیا جاسکے۔ حج ٹرمنل میں مرد اور خواتین کیلئے علحدہ نماز گاہ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیٹرس ٹینٹ میں بھی نماز گاہ اور ٹائیلٹس کا انتظام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کے پہلے قافلہ کا استقبال ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، حکومت کے مشیر اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کریں گے۔ حج ٹرمنل کے معائنہ کے موقع پر جی ایم آر کے انچارج حج ٹرمنل حیدر علی خاں ، جنرل مینجر جی ایم آر پناچا، اسٹیشن مینجر سعودی ایرلائینس پریم کمار ، سیلز مینجر سعودی ایرلائینس قطب الدین احمد ، مجاہد علی ، امیگریشن آفیسر رام ناتھم ، کسٹمس عہدیدار جنید سالک ، ساجد غوری جی ایم آر کے سیکوریٹی عہدیدار دھنراج سنگھ ، گوپال کرشن اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT