Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر جاری

تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر جاری

عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 6 ڈگری

عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 6 ڈگری
حیدرآباد 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عوام مسلسل سرد موسم کا سامنا کررہے ہیں اور کئی مقامات پر درجہ حرارت معمول سے بہت کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر، میدک، عادل آباد، رنگاریڈی اور نظام آباد کے علاوہ آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم سے تقریباً 110 کیلو میٹر دور لمبا سنگی میں درجہ حرارت واحد ہندسے میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ساحلی آندھرا اور تلنگانہ میں ایک یا دو مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ آندھراپردیش کے نندی گام میں سب سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سلسیئس اور تلنگانہ کے عادل آباد میں 6 ڈگری سلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن تک سرد موسم کی لہر برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں کل مطلع صاف رہے گا۔ صبح کے وقت کہر چھائی رہے گی۔ جنوبی ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں بعض مقامات پر آج بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ اور شمالی ساحلی آندھرا میں موسم خشک رہے گا۔ حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں اعظم ترین درجہ حرارت 28 اور اقل ترین 12 ڈگری سلسیئس کے آس پاس رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT