تلنگانہ اور اے پی میں انکاونٹرس پر اظہار تشویش،واقعات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ ، صدر تلنگانہ پی سی سی کیپٹن اتم کمار ریڈی

حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے دونوں انکاونٹرس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دہشت گردوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے پولیس ملازمین کو ’ سلوٹ ‘ کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ تلنگانہ میں 5 زیر دریافت قیدیوں کا اور آندھرا پردیش کے جنگل میں 20 مزدوروں کا پولیس کی جانب سے انکاونٹر کردیا گیا ہے ۔ جس پر دونوں ریاستوں کے عوام میں شک و شبہات پائے جاتے ہیں ۔ تلنگانہ کی ٹی آرایس اور آندھرا پردیش کی تلگو دیشم حکومت عوام میں پائے جانے والے شکوک کو دور کرنے کے لیے ان دونوں انکاونٹر واقعات کی عدالتی تحقیقات کرائیں کیوں کہ دونوں انکاونٹرس دونوں تلگو ریاستوں میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ عوام کے شبہات کو دور کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں کبھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی تھی ۔ یہ دونوں انکاونٹرس جن میں 25 افراد ہلاک ہوئے ہیں سارے ملک میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ ہر کوئی اس پر بات چیت کررہے ہیں ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی دونوں حکومتوں سے دونوں انکاونٹرس کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ عدالتی تحقیقات سے ہی حقائق منظر عام پر آئیں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا سوریہ پیٹ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے زندگیاں قربان کرنے والے ایس آئی سدیا اور کانسٹبل ناگراجو کو کانگریس پارٹی سلوٹ کرتی ہے ۔ اور ان کے ارکان خاندان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT