Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا میں کانگریس کو بری طرح شکست

تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا میں کانگریس کو بری طرح شکست

کئی اہم شخصیتیں بشمول پنالہ لکشمیا، دامودھر راج نرسمہا اور محمد علی شبیر کو شکست کا سامنا

کئی اہم شخصیتیں بشمول پنالہ لکشمیا، دامودھر راج نرسمہا اور محمد علی شبیر کو شکست کا سامنا

حیدرآباد /16 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، سابق وزیر محمد علی شبیر اور دیگر کئی اہم کانگریس قائدین کو شکست کا سامنا کرناپڑا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس کو سیما۔ آندھرا کے ساتھ ساتھ تلنگانہ میں بھی ناکامی ہوئی، کیونکہ کانگریس قائدین تشکیل کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ جس طرح سارے ملک میں مودی لہر چلی، اسی طرح تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی لہر چلی۔ ٹی آر ایس کے بیشتر ارکان پارلیمنٹ لاکھوں ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے لوک سبھا حلقہ میں تقریباً 4 لاکھ ووٹوں اور اسمبلی کی نشست پر تقریباً 20 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ علاوہ ازیں پہلی مرتبہ مقابلہ کرنے والے نئے سیاسی چہروں نے بھی اہم کانگریس قائدین کو شکست سے دوچار کرکے اپنی کامیابی درج کرائی۔ واضح رہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، سابق صدر پردیش کانگریس ڈی سرینواس، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، سابق وزراء ڈی سریدھر بابو، سنیتا لکشما ریڈی، سکریٹری اے آئی سی سی و رکن رجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق اسپیکر کے آر سریش ریڈی، ڈی ناگیندر، ایم مکیش گوڑ، محمد علی شبیر اور بی ساریا کے علاوہ فلم اسٹارس وجے شانتی، جیہ سدھا، ایم ششی دھر ریڈی، گورنمنٹ چیف وہپ جی وینکٹ رام ریڈی، وہپ جگا ریڈی اور دیگر کئی اہم قائدین کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

TOPPOPULARRECENT