Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے دریائی آبپاشی سمجھوتہ پر آج دستخط

تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے دریائی آبپاشی سمجھوتہ پر آج دستخط

فڈنویس کی دعوت پر کے سی آر کی وفد کے ساتھ ممبئی میں آمد‘ راج بھون میں پرتپاک استقبال

حیدرآباد۔7مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور مہاراشٹرا‘ آبپاشی پراجکٹوںکی تعمیر کیلئے کل ایک سمجھوتہ پر دستخط کریں گے ۔ اس ضمن میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ایک وفد آج ممبئی پہنچاجس کا مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کی جانب سے ممبئی کے راج بھون میں پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ تلنگاہ کے مہمان وفد کی ضیافت میں ظہرانہ ترتیب دیا ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے دفتر ( سی ایم او) سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا کہ آبپاشی سمجھوتہ پر کل دستخط کی جائے گی ۔ حکومت تلنگانہ نے 2 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ گوداوری ‘ پین گنگا اور پرانہتا دریاؤں پر پانچ بیاریجس کی تعمیر کیلئے حکومت مہاراشٹرا کے ساتھ مفاہمت ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے ان پراجکٹوںکی تعمیر کے سمجھوتہ پر دستخط کیلئے چندر شیکھر راؤ کو ممبئی مدعو کیا تھا ۔ اس سمجھوتہ کے تحت تعمیر کئے جانے والے مجوزہ پانچ پراجکٹوں میں بشمول کالیشورم ‘ راجہ پیٹ ‘ عادل آباد میں دریائے پرانہتاپر تمبڈپتھی کے علاوہ کریم نگر کے میڈی گڈہ بیاریجس شامل ہیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ چیف سکریٹری راجیو شرما، ریاستی وزراء ہریش راؤ ، جوگو رامنا ، اندرا کرن ریڈی ، تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین نرنجن ریڈی ، آبپاشی شعبہ میں حکومت کے مشیر ودیا ساگر راؤ اور حکومت کے مشیر ڈی سرینواس شامل ہیں۔ چیف منسٹر کی روانگی کے موقع پر مختلف وزراء اور ارکان اسمبلی نے کیمپ آفس میں ملاقات کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے چیف منسٹر کو امام ضامن باندھا۔ رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی ، ارکان اسمبلی جیون ریڈی ، رویندر ریڈی اور دوسروں نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے دورہ ممبئی کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اسی دوران چیف منسٹر کی منگل کو واپسی کے موقع پر بیگم ایرپورٹ پر شاندار استقبال کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ وزیر کمرشیل ٹیکسس سرینواس یادو نے پارٹی قائدین کے ساتھ ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب دورہ سے واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کیلئے خصوصی چیتنیہ رتھم تیار کی جارہی ہے جس میں انہیں سوار کرتے ہوئے کیمپ آفس لے جایا جائے گا ۔ استقبال کے موقع پر گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں ، قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT