Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اور ودربھا میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پر اظہارتشویش

تلنگانہ اور ودربھا میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پر اظہارتشویش

انسداد اقدامات پر زور، صدرنشین تلنگانہ پولیٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈارام

انسداد اقدامات پر زور، صدرنشین تلنگانہ پولیٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈارام
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام نے تلنگانہ اور ودربھا میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ خودکشی کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان واقعات پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے باعث زرعی شعبہ اور زرعی پیداوار بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے انہیں برقی اور پانی کی موثر سربراہی کے علاوہ کھاد اور دیگر ضروری سامان سبسیڈی پر فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار کی مناسب قیمت نہ ملنے کے سبب بھی کسان معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ مایوسی کا شکار ہوکر خودکشی کا راستہ اختیار نہ کریں بلکہ عزم و حوصلہ کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ حکومت کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرے گی۔ نلگنڈہ میں جونیر کالجس کے لکچررس کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے اساتذہ کو مشورہ دیاکہ وہ طریقہ تعلیم میں عصری انداز اختیار کریں اور طلبہ کو مسابقتی دوڑ میں عصری تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبہ تعلیم کے حصول پر توجہ دیں۔ بہتر طریقہ تعلیم کے ذریعہ طلبہ کو تعلیم کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو سوشیل سائنس سے بھی ہم آہنگ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں طلبہ کو سماج کے تئیں ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیم کے موجودہ نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام جونیر کالجس کو اقامتی کالجس میں تبدیل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT