Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ بجٹ سیشن کیلئے کانگریس کی حکمت عملی

تلنگانہ بجٹ سیشن کیلئے کانگریس کی حکمت عملی

ارکان اسمبلی و کونسل کے ساتھ جانا ریڈی ، محمد علی شبیر کی مشاورت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس پارٹی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے بجٹ سیشن کو چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ جانا ریڈی اور محمد علی شبیر ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے اسمبلی اور کونسل کے بجٹ سیشن میں کانگریس کے رول کو موثر بنانے اور عوامی مسائل کو بہتر انداز میں پیش کرتے ہوئے کانگریس کیڈر میں جوش و خروش پیدا کرنے کی قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر کو ہدایت دی گئی ہے ۔ جس کے بعد دونوں قائدین ایوانوں میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے اور عوامی مسائل پر حکومت کو جھنجھوڑنے کے لیے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل سے مشاورت کرتے ہوئے بجٹ سیشن کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ جس میں تلنگانہ اور مہاراشٹرا حکومت کے درمیان طئے پائے آبپاشی پراجکٹس کے معاہدوں کو موضوع بنانے کے ساتھ تلنگانہ کے نصف سے زائد منڈلس کی خشک سالی ، کسانوں کی خود کشی ، 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے پر عدم عمل آوری ، 4 فیصد مسلم تحفظات کو بچانے کے لیے حکومت کی جانب سے موثر اقدامات نہ کرنے کے علاوہ دوسرے مسائل کو موضوع بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ مختلف مسائل کو وقفہ سوالات میں اٹھانے کو بھی قطعیت دی گئی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ کھمم ورنگل اور اچم پیٹ کے بلدی انتخابات کے بعد بجٹ سیشن کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے بعد کانگریس کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کو پارٹی میں برقرار رکھنے اور پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے کے لیے دونوں ایوانوں کے فلور لیڈرس کو اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کی کانگریس ہائی کمان نے ہدایت دی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT