Tuesday , April 24 2018
Home / Top Stories / تلنگانہ بھون دہلی میں حیدرآبادی بریانی کا فوڈ سنٹر

تلنگانہ بھون دہلی میں حیدرآبادی بریانی کا فوڈ سنٹر

رکن پارلیمنٹ کے کویتا کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے آج نئی دہلی میں سرکاری تلنگانہ بھون کا معائنہ کیا اور حیدرآبادی بریانی کیلئے خصوصی فوڈ اسٹال قائم کرنے کی ہدایت دی۔ کویتا نے عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ بھون میں مختلف سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی مشہور ڈش بریانی اور ہینڈلوم کپڑوں کیلئے خصوصی اسٹال قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بریانی اور تلنگانہ کی دیگر مخصوص غذاؤں کیلئے فوڈ سنٹر قائم کیا جائے تاکہ دیگر علاقوں کے افراد تلنگانہ کے غذاؤں کا لطف اٹھاسکیں۔ کویتا نے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا اور تلنگانہ بھون میں تمام سہولتوں کے ساتھ صحافیوں کیلئے میڈیا سنٹر کے قیام کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سنٹر کیلئے ملازمین کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ تلنگانہ بھون کے کمشنر اشوک کمار کو کویتا نے مشورہ دیا کہ نئی دہلی میں برسرکار تلنگانہ صحافیوں کے ہیلتھ کارڈ دہلی کے تمام دواخانوں میں قابل قبول بنائے جائیں۔ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے ہدایت دی۔ اس موقع پر تلنگانہ بھون جرنلسٹ یونین کے صدر ایل پروین کمار ، جنرل سکریٹری سریش بابو ، نائب صدر کاما راجو کے علاوہ دیگر صحافیوں نے نئی دہلی میں درپیش مسائل سے کویتا کو واقف کرایا ۔ کویتا نے تلنگانہ کے صحافیوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے مسائل سے وقتاً فوقتاً انہیں آگاہ کریںوہ ان کی یکسوئی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔ اس موقع پر نئی دہلی میں حکومت کے نمائندے وینو گوپال چاری موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT