Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ بھون میں عالمی یوم خواتین تقاریب ، کویتا کی شرکت

تلنگانہ بھون میں عالمی یوم خواتین تقاریب ، کویتا کی شرکت

اسپورٹس کے مختلف مقابلے ، ٹی آر ایس قائدین اور مہیلا کارکنوں میں جوش و خروش
حیدرآباد۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے تلنگانہ بھون میں آج عالمی یوم خواتین تقاریب منائی گئیں۔ رکن پارلیمنٹ کے کویتا، ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی، ضلع پریشد صدرنشین پی اوما، سنیتا مہیندر ریڈی کے علاوہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی مہیلا قائدین نے شرکت کی۔ کویتا نے اس موقع پر کیک کاٹا۔ بعد میں مختلف اسپورٹس کے مقابلے منعقد کئے گئے جن میں رسی کھینچنا، چیس، کیرم وغیرہ شامل ہیں۔ ٹی آر ایس کی قائدین اور مہیلا کارکنوں نے جوش و خروش کے ساتھ ان پروگراموں میں حصہ لیا۔ کویتا نے بھی مختلف کھیل کود کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد خواتین کی ہر شعبہ میں اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت خواتین کی بھلائی کیلئے کئی ایک اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں خواتین کی بھلائی کے سلسلے میں مناسب رقومات مختص کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت خواتین کی بھلائی اور انہیں سیاسی میدان میں مناسب حصہ داری پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں آندھرائی حکمرانوں نے خواتین کی بہبود کو نظرانداز کردیا تھا۔ تلنگانہ ہر شعبہ میں پسماندہ تھا لیکن ٹی آر ایس کی جدوجہد کے بعد جب تلنگانہ حاصل ہوا تو ریاست ترقی کی سمت پیشرفت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کیلئے کلیان لکشمی اور شادی مبارک جیسی اسکیمات شروع کی گئی ہیں جس کے تحت ہر لڑکی کی شادی کے موقع پر 51,000 روپئے کی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات سے کئی خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دلتوں کو دی جانے والی 3 ایکر اراضی اور غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات خواتین کے نام پر الاٹ کررہی ہے۔ بے سہارا خواتین کیلئے پینشن اسکیم کا آغاز کیا گیا جس کے ذریعہ کئی لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ضعیف اور بیوہ خواتین کیلئے پینشن اسکیم میں توسیع کی گئی ہے۔ مارکٹ کمیٹیوں میں خواتین کو نمائندگی دی گئی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں خواتین کو 50% تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد کی 150 ڈیویژنس میں 75 پر خاتون کارپوریٹرس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والی خواتین کے ساتھ مناسب انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 24 خواتین کو اعزاز پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کویتا نے کہا کہ خواتین کیلئے ایک ہفتہ طویل اسپورٹس مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس تقریب میں ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی، رنگاریڈی اور میدک کی ضلع پریشد صدورنشین سنیتا مہیندر ریڈی، راجہ منی، سابق رکن راجیہ سبھا جی سدھا رانی، سابق رکن اسمبلی ستیہ وتی راتھوڑ اور تلنگانہ جاگروتی قائدین نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT