Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ : ترقی اور تبادلوں پر امتناع برخاست

تلنگانہ : ترقی اور تبادلوں پر امتناع برخاست

سرکاری محکموں میں تقررات کی راہ ہموار ، احکام جاری
حیدرآباد۔/24مئی، ( سیاست نیوز) حکومت نے سرکاری ملازمین کے تقررات، ترقی اور تبادلوں پر موجود پابندی کو برخواست کردیا ہے۔ اس طرح سرکاری ملازمین کے تبادلوں اور ترقی کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت نے آج احکامات جاری کئے۔ ریاست کی تقسیم کے موقع پر ملازمین کی تقسیم کے عمل کو دیکھتے ہوئے حکومت نے یہ امتناع عائد کیا تھا۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام مقامی، ضلع، زونل، ملٹی زونل کیڈر کے تمام عہدوں جو تلنگانہ ریاست کے تحت آتے ہیں ان کے ترقی اور تبادلے کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ کیڈر عہدوں، سکریٹریٹ کے عہدوں، ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کیلئے بھی یہ احکامات قابل عمل ہوں گے۔ حکومت نے محکمہ فینانس میں عہدیداروں کے تبادلوں سے متعلق جو امتناع عائد کیا ہے وہ برقرار رہے گا تاوقتیکہ حکومت کی جانب سے نئے احکامات جاری نہ کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے امتناع کی برخواستگی سے متعلق احکامات کے تحت کارروائی کرنے کیلئے سکریٹریٹ کے محکمہ جات، ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس اور ضلع کلکٹرس کو مناسب کارروائی کا اختیار دیا ہے۔ جی او میں وضاحت کی گئی کہ ریاست کی تقسیم میں جن عہدیداروں اور ملازمین کو عارضی طور پر الاٹ کیا گیا ہے اگر ان کے بارے میں اعتراضات ہوں تو ان کے تبادلے نہیں کئے جاسکتے۔

TOPPOPULARRECENT