Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ جنا سمیتی میں تلنگانہ اینٹی پارٹی کے انضمام پر غور

تلنگانہ جنا سمیتی میں تلنگانہ اینٹی پارٹی کے انضمام پر غور

دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت، سی سدھاکر اور سرینواس کو اہم عہدے
حیدرآباد 15 اپریل (سیاست نیوز) پروفیسر ایم کودنڈا رام کی زیرقیادت قائم کی گئی ’’تلنگانہ جنا سمیتی‘‘ میں تلنگانہ اینٹی پارٹی (Telangana Inti Party) کے ضم کئے جانے کے مسئلہ پر بات چیت جاری ہے اور اینٹی پارٹی کے بانی ڈاکٹر سی سدھاکر کو اور سابق رکن اسمبلی وائی سرینواس ریڈی کو تلنگانہ جنا سمیتی میں مناسب اہمیت کے حامل عہدے دینے کے مسئلہ پر اُصولی طور پر اتفاق کرلئے جانے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں۔ تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے مطابق آئندہ ایک دو دن میں اس سلسلہ میں صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔ اسی دوران تلنگانہ جنا سمیتی کے ذرائع نے بتایا کہ سی سدھاکر کو تلنگانہ جنا سمیتی میں کارگذار صدر اور وائی سرینواس ریڈی کو تلنگانہ جنا سمیتی مندوبین فورم صدرنشین کی ذمہ داری تفویض کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ جبکہ پروفیسر ایم کودنڈا رام جاریہ ماہ 29 اپریل کو تلنگانہ جنا سمیتی کے پہلے یوم تاسیس کے سلسلہ میں منعقد کئے جانے والے ایک بڑے جلسہ عام سے قبل ہی تلنگانہ اینٹی پارٹی کے تلنگانہ جنا سمیتی میں ضم کرنے کے عمل کو مکمل کرنے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ جنا سمیتی میں لیگل سل، تہذیبی ثقافتی شعبہ، اسٹوڈنٹس ونگ، بے روزگاروں پر مبنی محاذی تنظیموں کو مضبوط و مستحکم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کیوں کہ یہ تمام تنظیمیں تلنگانہ جنا سمیتی کیلئے ناڑی (نبض) کا موقف ثابت ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں مختلف محاذی تنظیموں کے ذریعہ برسر اقتدار پارٹی کے خلاف منصوبہ بند انداز میں جدوجہد کرنے کے مسئلہ پر بھی تلنگانہ جنا سمیتی میں سنجیدگی سے غور و خوض کیا جارہا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق تلنگانہ جنا سمیتی کے یوم تاسیس جلسہ عام میں تمام سماجی طبقات و پیشہ ورانہ تنظیموں کو نمائندگی فراہم کرنے جیسے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT