Sunday , October 21 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کو 14000 سے زائد درخواستیں وصول

تلنگانہ حج کمیٹی کو 14000 سے زائد درخواستیں وصول

حیدرآباد۔/16ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2018 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 14,469 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں محفوظ زمرہ کے تحت 385 درخواستیں شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ22 ڈسمبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے اور توقع ہے کہ تلنگانہ میں درخواستوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرلے گی۔ گزشتہ سال 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے سرکیولر جاری کرتے ہوئے حج کمیٹی کو آف لائن درخواستیں 22 ڈسمبر کی رات 8 بجے تک آن لائن کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سابق میں درخواستوں کو آن لائن کرنے کیلئے تقریباً 4 دن کی مہلت دی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ درخواستوں کے ادخال کے آخری دن ہی چند گھنٹوں میں یہ کام مکمل کرنا ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حیدرآباد اور تمام اضلاع میں داخل کی گئی آف لائن ( تحریری ) درخواستوں کو فی الفور جمع کرتے ہوئے انہیں آن لائن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آخری تاریخ تک حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹرس برقرار رہیں گے اور اضلاع میں بھی حج سوسائٹی کی جانب سے رہنمائی کی جائے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی بروقت رہنمائی کے نتیجہ میں درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آندھرا پردیش حج کمیٹی نے صرف آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی ہدایت دی جس کے باعث ابھی تک جملہ 2000 درخواستیں بھی داخل نہیں ہوئی ہیں۔ آندھرا پردیش کے مسلم عوامی نمائندوں کو توجہ دہانی کے باوجود حج کمیٹی نے تحریری درخواستوں کی قبولیت یا انہیں سربراہ کرنے کا کوئی انتظام نہیں کیا جس کے باعث جاریہ سال آندھرا پردیش میں انتہائی کم درخواستیں داخل ہوں گی جو مقررہ کوٹہ سے کم ہوسکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT