Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کی مساعی سے 20 عازمین حج کے ویزوں کا انتظام

تلنگانہ حج کمیٹی کی مساعی سے 20 عازمین حج کے ویزوں کا انتظام

ویٹنگ لسٹ کے 43 عازمین کی 26 اگست کو ممبئی سے سعودی عرب رونگی
حیدرآباد۔23 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی مساعی سے ویٹنگ لسٹ کے 20 عازمین حج کے لیے سعودی سفارتخانہ میں ویزا جاری کردیا ہے۔ اس طرح 26 اگست کو تلنگانہ سے ویٹنگ لسٹ کے جملہ 43 عازمین حج ممبئی سے حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ سنٹرل حج کمیٹی نے لمحہ آخر میں تلنگانہ کے 47 ویٹنگ لسٹ کے عازمین کے ناموں کو منظوری دی تھی۔ ان میں سے 27 کی روانگی کا شیڈول طے ہوگیا جبکہ 20 کو سعودی سفارتخانے کی جانب سے ویزا جاری نہیں کیا جاسکا۔ کل رات تک بھی ویزے کی عدم اجرائی کے سبب تلنگانہ حج کمیٹی اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور عہدیداروں سے مسلسل ربط میں رہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے سعودی حکام کو ویٹنگ لسٹ کے باقی 20 عازمین کے لیے ویزا کی اجرائی کے لیے راضی کرلیا۔ اس طرح تمام کی روانگی یقینی ہوچکی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 47 کے منجملہ 4 نے اپنا سفر منسوخ کردیا ہے۔ دو ایرکنڈیشنڈ والو بسوں کے ذریعہ 43 عازمین کو ممبئی پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں سے دو عازمین اپنے خرچ پر بذریعہ طیارہ ممبئی جائیں گے انہوں نے بتایا کہ 41 عازمین دو خصوصی بسوں کے ذریعہ 25 اگست کو بعد نماز جمعہ حج ہائوز سے ممبئی کے لیے روانہ ہوں گے۔ عازمین کو 48 گھنٹے قبل رپورٹنگ کرنی ہے لہٰذا حج کمیٹی نے اپنے ایک ملازم کے ذریعہ تمام عازمین کے پاسپورٹ روانہ کردیئے ہیں تاکہ سفری امور کی تکمیل کرلی جائے اور یہ عازمین سیدھے ایرپورٹ پہنچیں۔ 25 اگست کو عازمین نماز جمعہ حج ہائوز کی مسجد میں ادا کریں گے جس کے بعد ان کے لیے لنچ کا انتظام کیا گیا ہے۔ پروفیسر شکور نے بتایا کہ ہر بس میں ایک سکیوریٹی گارڈ، ڈاکٹر، نرس، حج کمیٹی کا ایک ملازم اور دو والنٹرس موجود رہیں گے جو راستہ میں عازمین کی خدمت انجام دیں گے۔ ممبئی پہنچنے پر حج ہائوز میں رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ عازمین مختصر آرام کے بعد ایرپورٹ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ 25 اگست کو 3 بجے دن سعودی ایرلائنس کی پرواز سے روانگی عمل میں آئے گی۔ مہاراشٹرا کے عازمین پر مشتمل اس فلائٹ میں تلنگانہ کے عازمین کو شامل کیا گیا ہے۔ ممبئی امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی یہ آخری فلائٹ ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT