Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش ، مختلف پروگرامس کیلئے ایران سے تعاون کا پیشکش

تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش ، مختلف پروگرامس کیلئے ایران سے تعاون کا پیشکش

ہندوستان میں محبت و اخوت کی تعریف ، ایران حج وزارت امور کے وفد اور امیر حج علی غازی عسکر کا دورہ حج ہاوز
حیدرآباد۔ 6۔ جون  ( سیاست نیوز) ایران میں حج و زیارت امور کے ذمہ دار اور امیر حج علی غازی عسکر کی قیادت میں ایران کے وفد نے آج حج ہاؤز نامپلی پہنچ کر حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے علی غازی عسکر نے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کئے جارہے انتظامات کی ستائش کی اور عازمین حج کی سہولت کیلئے آئندہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کے اشتراک سے مختلف پروگراموں کے انعقاد کا پیشکش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی ٹریننگ اور سفر میں انتظامات کے بارے میں حکومت ایران ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ ایرانی وفد نے دہلی ، ممبئی اور شمالی ہند کی ریاستوں کا دورہ مکمل کرلیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران میں عازمین کی سہولت کیلئے جو تربیتی فلمیں تیار کی گئی ہیں، وہ تلنگانہ حج کمیٹی کو فراہم کریںگے ۔ اس کے علاوہ ارکان حج پر مشتمل کتابچے بھی اردو زبان میں فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کااظہار کیا کہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی سہولت کیلئے حکومت کی جانب سے سہولتوں کی فراہمی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تمام مذاہب کے لوگ باہم محبت اور اخوت کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہیں ، جو اس ملک کی ایک خوبی ہے۔ علی غازی عسکر نے حکومت ایران کی جانب سے ایرانی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کی تفصیلات بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ 7 ماہ قبل سے ٹریننگ کا آغاز کیا جاتا ہے۔ 100 تا 180 گروپس حج کیلئے روانہ ہوتے ہیں اور ہر گروپ کا ایک نگرانکار معلم ہوتا ہے۔ تہران کے اسٹیڈیم میں ارکان حج کی ادائیگی کی عملی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران میں حکومت کی جانب سے عازمین حج کیلئے کوئی سبسیڈی نہیں ہے اور مختلف زمروں کیلئے علحدہ علحدہ فیس مقرر کی گئی ہے۔ جس قدر زیادہ سہولتیں ہوں گی ، اس قدر زیادہ رقم ادا کرنی ہوگی۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حکومت کی جانب سے طعام اور قیام کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ دونوں مقامات پر ایران کے عصری سہولتوں سے آراستہ ہاسپٹلس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج عالم اسلام کے لئے وحدت کا مرکز ہے۔ امام خمینی اور موجودہ روحانی پیشوا خامنہ ای نے سنیوں کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے حق میں فتویٰ جاری کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ حج کے موقع پر ایرانی حجاج کرام سنی بھائیوں کے ساتھ نماز ادا کرتے ہیں۔ ایرانی وفد کو تلنگانہ حکومت اور حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے درخواست فارمس کی اجرائی سے حجاج کرام کی واپسی تک کی سہولتوں کی تفصیلات بیان کی۔ ایرانی وفد کے سربراہ علی غازی عسکر کو چارمینار کا مومنٹو پیش کیا گیا جبکہ دیگر ارکان کی شال پوشی کی گئی۔ ایرانی وفد نے خیرسگالی کے طور پر اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو یادگاری تحائف پیش کئے۔ اس موقع پر ابوالفضل زائری فرسٹ کونسل ایرانی کونسلیٹ حیدرآباد، علی پر یاد فرسٹ سکریٹری کونسلیٹ اور چیف پبلک ریلیشن آفیسر علی اکبر نیرومند اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT