Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین حج کا آخری قافلہ ممبئی سے روانہ

تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین حج کا آخری قافلہ ممبئی سے روانہ

پاسپورٹ کھونے والے عازم بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ قافلہ میں شامل
حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کا آخری قافلہ آج ممبئی سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگیا۔ 43 عازمین پر مشتمل یہ قافلہ سعودی ایر لائنز سے روانہ ہوا جس کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی نے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 43 عازمین کے منجملہ 4 عازمین بذریعہ طیارہ حیدرآباد سے ممبئی پہنچے۔ دیگر عازمین کیلئے حج کمیٹی نے دو خصوصی بسوں کا انتظام کیا تھا۔ یہ قافلہ آج صبح ممبئی پہنچا اور انہیں ممبئی کے حج ہاوز میں قیام کی گنجائش فراہم کی گئی۔ حج ہاوز میں کسی قدر آرام اور پھر احرام باندھ کر یہ عازمین ایر پورٹ پہنچ گئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ان تمام عازمین کے ضروری اُمور کی تکمیل پہلے ہی کردی تھی لہذا انہیں بورڈنگ کارڈ حوالے کرتے ہوئے طیارہ میں سوار کردیا گیا۔ 43 رکنی قافلہ کے علاوہ گنٹور کے عازمین کا ایک جوڑا بھی اسی فلائیٹ سے سعودی عرب روانہ ہوا ہے۔ گنٹور کے ایک عازم نے اپنا پاسپورٹ کھودیا تھا جس کے باعث وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ سفر نہ کرسکے۔ حج کمیٹی نے ان کیلئے نیا پاسپورٹ اور ویزا کا انتظام کیا جس کے بعد وہ آج سعودی عرب روانہ ہوئے۔ ممبئی سے حج کمیٹی کے عازمین کی آج آخری فلائیٹ تھی جو 3 بجے سہ پہر روانہ ہوئی۔ اس فلائیٹ میں مہاراشٹرا حج کمیٹی کے عازمین بھی شامل تھے۔ دوسری طرف مکہ مکرمہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تمام عازمین حج خیریت سے ہیں اور وہ منٰی روانگی کی تیاریوں میں ہیں۔ توقع ہے کہ منگل کی رات سے عازمین حج کو منٰی منتقل کیا جائے گا اور 31 اگسٹ کو یوم عرفہ ہوگا۔ ایسے عازمین جنہوں نے اسلامک بینک کے ذریعہ قربانی کیلئے 8000 روپئے جمع کئے ہیں انہیں پیر کے دن قربانی کے ٹوکن حوالے کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں مکہ مکرمہ کے حج مشن میں خادم الحجاج کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ خادم الحجاج کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ یہ ٹوکنس متعلقہ عازمین تک پہنچادیں۔ خادم الحجاج نے عازمین حج کی خیریت سے پروفیسر ایس اے شکور کو واقف کرایا۔

TOPPOPULARRECENT