Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حکومت اقلیتی پالیسیوں سے شمالی ہند کی ریاستیں کافی مرعوب

تلنگانہ حکومت اقلیتی پالیسیوں سے شمالی ہند کی ریاستیں کافی مرعوب

اسکیمات کی تفصیلات حاصل ، کے سی آر کے نقش قدم پر چلنے کی مساعی
حیدرآباد ۔ 20۔ جون (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ اقلیتوںکی ترقی کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے شمالی ہند کی ریاستیں کافی متاثر ہیں اور انہوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں دیگر ریاستیں تلنگانہ کے نقش قدم پر چلنے کی تیاری کر رہی ہے کیونکہ کے سی آر حکومت نے اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے سلسلہ میں ملک بھر میں منفرد مقام حاصل کیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے نلگنڈہ کے مریال گوڑہ اور ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقوں کے دورہ کے موقع پر مختلف پروگراموں میں شرکت کی ۔ انہوں نے اقلیتی طلبہ کیلئے قائم کردہ اقامتی اسکول کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر وہ واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے اقلیتوںکی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے نہ صرف اسکیمات کا آغاز کیا بلکہ 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی مساعی کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ غریب مسلم لڑکیوںکی شادی کے موقع پر امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکومت نے جاریہ مالیاتی سال اس اسکیم کے تحت امدادی رقم میں اضافہ کیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے 100 سال قبل حیدرآباد کے دورہ کے موقع پر اسے ہندو مسلم اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ قرار دیا تھا ۔ کے سی آر نے آج گاندھی جی کے اس خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا ہے اور حیدرآباد گنگا جمنی تہذیب کا مرکز بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر تمام طبقات میں ناخواندگی دور کرنے کیلئے اقامتی اسکولس کا جال پھیلادیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ بھلائی کی اسکیمات کیلئے حکومت نے بجٹ میں 40,000 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جو ملک میں ایک ریکارڈ ہے۔ مسلمانوں کی پسماندگی کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی وزیر کی حیثیت سے کے سی آر نے سچر کمیٹی کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق چیف منسٹر ہر شعبہ میں مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں ۔

 

TOPPOPULARRECENT