Wednesday , November 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تلنگانہ حکومت ترقیاتی اقدامات کے ذریعہ عوام کی خدمت میں مصروف

تلنگانہ حکومت ترقیاتی اقدامات کے ذریعہ عوام کی خدمت میں مصروف

کریم نگر پولیس گراؤنڈ پر ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کے ہاتھوں رسم پرچم کشائی اور خطاب

کریم نگر۔/15اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کی یوم آزادی کی 71ویں تقریب کا آج یہاں کریم نگر کمشنریٹ پولیس گراؤنڈ پر بڑے ہی پرجوش انداز میںانعقاد عمل میں آیا۔ جس میں شہریان کریم نگر و معززین ، ڈاکٹرس ، وکلاء اور سیاسی قائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مختلف اسکولوں کے طلبہ نے دلفریب اور کلچرل پروگرامس پیش کئے۔ حکومت کی جانب سے بنائی گئی اسکیمات اور ترقیاتی پروگراموں کی تشہیر کیلئے تیار کئے گئے جھانکھیوں کو بھی پیش کیا گیا۔ قبل ازیں ریاستی وزیر فینانس و سیول سپلائیز ایٹالہ راجندر نے ٹھیک 9 بجے قومی ترنگا لہرایا۔ قومی گیت کے ساتھ سلامی لی ۔ بعد ازیں پولیس کی سلامی کے بعد پولیس گراؤنڈ پر شرکت کی۔ یہاں پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے یوم آزای کی اس تقریب میں شریک تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے ضلع کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے تیار کی گئی تحریر بھی پڑھ کر سنائی جس میں بتایا گیا کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی تقاریب پرخلوص اندازمیں منائی جاتی ہیں، دنیا بھر میں ہندوستان کی آزادی کی ایک بہترین تاریخ ہے جسے دیگر قوموں اور ملکوں نے پڑھ کر اپنی زندگی اور حالات کی ترقی اور آزادی کی کوشش کی جس میں انہیں زبردست کامیابی حاصل ہوئی۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی ، لالہ لاجپت رائے، بال گنگا دھر تلک، بھگت سنگھ، مولانا ابوالکلام آزاد، محمد علی جوہر، اشفاق اللہ خاں شہید اور دیگر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم اپنے ملک میں آزادی کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔ وہ اگر انگریزوں سے نہیں لڑتے اور ان سے مقابلہ نہیں کرتے تو آج ہم کو ان انگریزوں کا غلام بن کر رہنا پڑتا تھا۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی تحریر بنانے سے قبل کئی مرتبہ نمائندہ سیاست نے ضلع کلکٹرس اور متعلقہ محکمہ کو ہندوستان کی آزادی میں حصہ لینے والے کم از کم 10 مسلمانوں کے نام دیئے تھے لیکن ہمیشہ کی طرح سال حال بھی صرف آدھ ہی نام مسلمان جہدکار کا لیا جاتا ہے جبکہ آزادی کی تحریک میں ان کا دور دور تک جن کا واسطہ ہی نہیں ہے ان کے ناموں کو آزادی کے جہد کاروں میں شامل کرکے پیش کیا جارہا ہے جو سچائی کو مٹانے کی سازش کا ایک حصہ ہے۔ کانگریس کے دور اقتدار میں ایم ستیہ نارائن ضلع کریم نگر کے نمائندہ وزیر تھے ان کو بھی محکمہ اطلاعات کی جانب سے تحریر ملی تھی لیکن انہوں نے اس تحریر کو ایک جانب رکھتے ہوئے خود کی معلومات کی روشنی میں آدھا گھنٹہ تقریر کی تھی جس میں انہوں نے مسلمانوں کی تحریک آزادی میں کی گئی خدمات کا تفصیلی طور پر ذکر کیا تھا۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے آج کی تحریر کردہ تقریر میں کہا کہ دیہی عوام کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانے کیلئے حکومت کئی ایک ترقیاتی اقدامات کررہی ہے ان پر موثر انداز میں عمل آوری کی کوشش کررہی ہے۔ سوچھ بھارت کے سلسلہ میں 46 کروڑ خرچ کرکے قریب ایک لاکھ 80 ہزار خاندانوں کیلئے 1.76 لاکھ افرادی بیت الخلاء تعمیر کروائے گئے۔ سرسبزی و شادابی انسانی زندگی اور اس کی صحت کیلئے درختوں کی اہمیت کے تحت شجرکاری پروگرام شروع ہوا جس کے تحت تلنگانہ بھر میںدو مرحلوں میں ہریتا ہارم کے پروگرام تکمیل پذیر ہوئے۔ اس طرح ریاستی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی نئی اسکیمات کا آغاز کررہی ہے۔ اس موقع پر الکٹرانک وپرنٹ میڈیا کے ذمہ داران رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے افرادنے شرکت کی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT