Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حکومت ترقی کی راہ سے ہٹ چکی ہے: کودنڈا رام

تلنگانہ حکومت ترقی کی راہ سے ہٹ چکی ہے: کودنڈا رام

حیدرآباد 26 ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے آج کہاکہ حکومت کے خلاف جو بھی الزامات عائد کئے جارہے ہیں وہ بالکل درست ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایوب خان اور سرینواس کی خودکشی کے واقعات اِس کا واضح ثبوت ہیں۔ بھدرادری میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ تلنگانہ حکومت اپنی راہ سے ہٹ چکی ہے۔ اقتدار اور سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے اور جھوٹی تشہیر کے ذریعہ ہر غلط کام کو بھی صحیح ثابت کرنے کی ممکنہ کوشش ہورہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت اور اعلیٰ عہدیداروں کے دباؤ کی وجہ سے ریاست میں کئی ملازمین پولیس نے خودکشی کرتے ہوئے اپنی قیمتی زندگی گنوادی۔ حکومت کی معاشی پالیسی سے صرف کنٹراکٹرس کو فائدہ ہورہا ہے۔ عام آدمی اور غریب عوام مسلسل مسائل و تکلیف سے دوچار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہیں اور وزراء و ارکان اسمبلی تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ وہ حکومت کے ہر فیصلے کو صحیح قرار دینے کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اقتدار ایک شخص کے پاس مرکوز ہونے سے ترقی ممکن نہیں۔ پروفیسر کودنڈا رام نے حکومت سے جی او 39 سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ رعیتو سمیتیوں کو بھی منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ 3اکٹوبر کو ریاست کے تمام پنچایت دفاتر کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT