Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حکومت کسانوں اور طلباء کی دشمن : ریونت ریڈی

تلنگانہ حکومت کسانوں اور طلباء کی دشمن : ریونت ریڈی

طلباء سے ملاقات کے لیے پہنچنے پر گرفتاری و رہائی عمل میں آئی
شمس آباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر پولیس نے تلگو دیشم انچارج و رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو گرفتار کر کے شمس آباد پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ ریونت ریڈی آج صبح راجندر نگر میں واقع ہارٹیکلچر یونیورسٹی میں گزشتہ ایک ماہ سے طلباء کی ہڑتال پر ان سے ملاقات کرنے پہنچے ہی تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کیا ۔ ریونت ریڈی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاست بھر میں پولیس ظلم میں اضافہ ہوا ہے حکومت بھی ان کا ساتھ دیتے ہوئے پولیس کے ذریعہ عوام پر ظلم کروا رہی ہے اور عوام میں خوف پیدا کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ سولہ سال میں ملازمت کے لیے ایک بھی نوٹیفیکشن جاری نہیں کیا گیا ۔ ایک جانب حکومت پھلوں اور پھولوں کی پیداوار میں ملک بھر میں تیسرے مقام کا دعوی کرتی ہے دوسری جانب وہی طلباء پر ظلم کرتی ہے اور اس محکمہ میں ڈھائی ہزار ملازمت فراہم کئے جاسکتے ہیں جب کہ جملہ طلباء کی تعداد دو ہزار ایک سو ہی ہے ۔ اس کے باوجود انہیں ملازمت فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ گزشتہ ایک ماہ سے طلباء احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت کوئی بھی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔ کل آدھی رات کو پولیس اچانک گرلز ہاسٹل میں داخل ہو کر تمام طلباء کو گرفتار کرتے ہوئے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں قید کررہی ہے ۔ طلباء کو احتجاج سے بھی روکا جارہا ہے ۔ حیدرآباد ڈرگس مافیا کی گرفتاری میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو انتباہ دیا کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کرتے ہوئے طلباء پر ظلم کرنے سے پرہیز کریں ۔ 2019 انتخابات میں طلباء اور عوام مل کر ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ آندھرائی قائدین کا دور ختم ہوچکا ہے لیکن تلنگانہ حکومت آنے کے بعد بھی عوام پر ظلم کا سلسلہ نہیں رکا ۔ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے دوران ان کے دونوں ہاتھوں پر زخم آئے ۔ تین گھنٹے پولیس اسٹیشن میں رکھنے کے بعد کاغذی کارروائی کے بعد انہیں رہا کردیا گیا ۔ اس موقع پر بی وینوگوپال تلگو دیشم جنرل سکریٹری ، آر گنیش گپتا آرگنائزنگ سکریٹری ، محمد جہانگیر خاں کوآپشن ممبرس اسوسی ایشن ضلع صدر کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر ریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT