Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بنیادی سطح سے مستحکم کرنے کے اقدامات

تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بنیادی سطح سے مستحکم کرنے کے اقدامات

حیدرآباد 12 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو دیہی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور دیہی علاقوں و منڈل سطح پر تنظیمی انتخابات کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور 15 و 16 اپریل کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی ڈسٹرکٹ کمیٹیوں (ضلع کمیٹی عاملہ) کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ ٹی آر ایس تنظیمی انتخابات انچارج مسٹر پی کرشنا مورتی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ 15 اپریل کو اضلاع عادل آباد، کریم نگر، نلگنڈہ، کھمم اور رنگاریڈی میں ٹی آر ایس ضلع کمیٹیوں کے انتخابات منعقد ہوں گے۔ اور 16 اپریل کو اضلاع میدک، نظام آباد، حیدرآباد، محبوب نگر اور ورنگل میں ضلع ٹی آر ایس کمیٹیوں کے لئے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ ان انتخابات سے قبل دیہی سطح پر کمیٹیوں کے انتخابات کا عمل مکمل کرلیا جاچکا ہے اور فی الوقت منڈل و ڈیویژن سطح کی ٹی آر ایس کمیٹیوں کے انتخابات کا عمل جاری ہے اور بہت جلد ان انتخابات کو مکمل کرلیا جائے گا۔ مسٹر پی کرشنا مورتی نے بتایا کہ دیہی سطح تا ضلع سطح پر منعقد ہونے والے تنظیمی انتخابات کے لئے پارٹی کارکنوں و قائدین میں کافی دلچسپی ہے۔ علاوہ ازیں انتخابات کے لئے ہر سطح پر بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ بالخصوص تمام اضلاع کے ان تنظیمی انتخابات کیلئے مختلف وزراء کو راست نگرانی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ جس میں مسرس پی سرینواس ریڈی وزیر زراعت کو ضلع عادل آباد، ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی کو ضلع کریم نگر، جے کرشنا راؤ وزیر بھاری مصنوعات کو ضلع نلگنڈہ، پدما راؤ وزیر نشہ بندی و آبکاری کو ضلع کھمم، این نرسمہا ریڈی وزیرداخلہ کو رنگاریڈی، پی مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ کو حیدرآباد، ای راجندر وزیر فینانس کو محبوب نگر، ٹی ناگیشور راؤ وزیر عمارات و شوارع کو نظام آباد، این اندرا کرن ریڈی، وزیر انڈومنٹ کو ضلع میدک، جی جگدیش ریڈی وزیر توانائی کو ضلع ورنگل انچارج شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT