Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ : سوائن فلو کے 49 نئے کیسیس

تلنگانہ : سوائن فلو کے 49 نئے کیسیس

حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سوائن فلو کے اثرات ہنوز برقرار ہیں اور 49 نئے کیسیس منظرعام پر آئے ہیں۔ سرکاری بلیٹن کے مطابق جاریہ سال یکم جنوری سے 9 فروری تک جن نمونوں کا طبی معائنہ کیا گیا اِن میں 880 پازیٹیو رہے۔ اِس کے علاوہ سوائن فلو اور دیگر پیچیدگیوں کی بناء مرنے والوں کی تعداد 42 تک پہونچ گئی ہے۔ 9 فروری کو 135 نمونوں کی طبی جانچ کی گئی اور اِن میں 49 پازیٹیو رہے۔ گاندھی ہاسپٹل میں روزانہ اوسطاً 10 تا 15 سوائن سے متاثرہ مریض رجوع ہورہے ہیں۔ ایک طرف مریضوں کو یہ شکایت ہے کہ دواخانہ میں مؤثر علاج نہیں کیا جارہا ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹرس کا یہ موقف ہے کہ سوائن فلو کی ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی مریض دواخانہ سے رجوع نہیں ہورہے ہیں بلکہ صورتحال انتہائی پیچیدہ ہونے کے بعد اُنھیں یہاں لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاج میں دشواری ہورہی ہے۔ دونوں شہروں کے علاوہ ضلع رنگاریڈی کے مختلف منڈلوں میں سوائن فلو پر قابو پانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ مختلف مقامات پر ادویات کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ ڈاکٹرس کا یہ کہنا ہے کہ انسانی جسم میں مدافعتی نظام کمزور ہوجائے تو سوائن فلو سے متاثر ہونے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔ چنانچہ معمولی بخار، کھانسی، نزلہ یا مسلسل ناک بہنے کے علاوہ سانس لینے میں دشواری ہو تو فوری دواخانہ سے رجوع ہونا چاہئے۔ اِس کے علاوہ جسمانی صفائی اور اطراف و اکناف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے پر بھی توجہ دی جانی چاہئے۔ ایسے مقامات پر نہ جائیں جہاں عوامی ہجوم ہوا کرتا ہے۔ بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔ سوائن فلو کی وجہ سے سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی کارپوریٹ دواخانوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تفریحی مقامات بالخصوص نمائش میں سوائن فلو کے باعث عوام کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT