Wednesday , December 12 2018

تلنگانہ ضلعی صدور سے کانگریس کی شکست پر رپورٹس طلب

اے آئی سی سی کا پارٹی کی ناقص کار کردگی کا جائزہ، پنالہ لکشمیا صدر ٹی پی سی سی کا اقدام

اے آئی سی سی کا پارٹی کی ناقص کار کردگی کا جائزہ، پنالہ لکشمیا صدر ٹی پی سی سی کا اقدام

حیدرآباد /22 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے تلنگانہ کے تمام دس اضلاع کانگریس صدور کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی کی شکست اور اس کی وجوہات پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے اپنے مکتوب میں پارٹی امیدواروں کی شکست کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو جلد از جلد رپورٹ روانہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان کو یقین تھا کہ سیما۔ آندھرا میں پارٹی کی شکست کی پابجائی تلنگانہ میں ہوگی، تاہم ایسا نہ ہونے اور مایوس کن نتائج کا جائزہ لینے کے لئے اے آئی سی سی سکریٹری کو حیدرآباد روانہ کیا گیا ہے، جو یہاں پہنچ کر مختلف قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کی ناقص کار کردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جن کی ہدایت پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے ضلعی صدور کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ مئی کے اواخر تک اضلاع کے صدور اپنی اپنی رپورٹ پیش کردیں گے، پھر مئی کے اواخر یا جون کے پہلے ہفتہ میں تلنگانہ پردیش کانگریس کے سینئر قائدین کا ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ صدر پردیش کانگریس نے اپنے مکتوب میں اسمبلی اور لوک سبھا نشستوں پر پارٹی امیدواروں کی شکست اور اس کی وجوہات، پارٹی قائدین کی تائید و مخالفت، کانگریس کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے باوجود عوام نے کانگریس پر بھروسہ کیوں نہیں کیا؟، دس سالہ کانگریس دور حکومت میں ترقی و بہبود کے اقدامات کے باوجود پارٹی امیدواروں کی شکست کے تمام پہلوؤں پر جواب طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ پنالہ لکشمیا پارٹی کی شکست کی ذمہ داری قبول کرچکے ہیں، اس کے باوجود ان کے خلاف گاندھی بھون میں پارٹی قائدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT