Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ عازمین حج کیلئے آج قرعہ اندازی

تلنگانہ عازمین حج کیلئے آج قرعہ اندازی

۔3558 خوش نصیبوںکا انتخاب ہوگا،16ہزار سے زائد درخواستیں
حیدرآباد۔10 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2018 ء کی قرعہ اندازی کل 11 جنوری کو مقرر ہے جس میں تلنگانہ کے عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے 4046 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے اور محفوظ زمرہ کی 508 نشستوں کو چھوڑ کر 3558 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ 16642 درخواست گزاروں میں سے 3558 خوش نصیبوں کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال حج کوٹہ میں 699 نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال تلنگانہ کا حج کوٹہ 3367 الاٹ کیا گیا تھا۔ قرعہ اندازی کی تقریب جمعرات کو 11 بجے دن حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی قرعہ اندازی کا رسمی طور پر افتتاح کریں گے۔ تقریب میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور ، رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور مقامی عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال ہندوستان کیلئے ایک لاکھ 75 ہزار عازمین کا کوٹہ حکومت سعودی عرب نے منظور کیا ہے۔ ریاستوں میں مسلم آبادی کے لحاظ سے مرکزی حکومت کوٹہ الاٹ کرتی ہے ۔ تلنگانہ میں مسلم آبادی 44 لاکھ 64 ہزار 852 ہے، جس کے اعتبار سے کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال حج کمیٹی کو جملہ 17,146 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جن میں 508 عازمین کا محفوظ زمرہ کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا ہے۔ حیدرآباد سے 10,606 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ سب سے کم 6 درخواستیں جئے شنکر بھوپال پلی ضلع سے داخل ہوئی ہیں۔ جاریہ سال 17 شیرخوار فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے دو محفوظ زمرہ جات میں سے ایک زمرہ کو ختم کردیا ہے اور 70 سال یا اس سے زائد عمر کا محفوظ زمرہ برقرار رکھا گیا ۔ گزشتہ سال 20,606 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں فریش زمرہ کے تحت 17,564 درخواستیں داخل ہوئی تھیں۔ دونوں محفوظ زمرہ جات کے تحت 3037 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا اور صرف 330 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی تھی۔ گزشتہ سال تلنگانہ حج کمیٹی سے 3488 حجاج کرام روانہ ہوئے تھے جن میں 11 شیرخوار شامل تھے۔ حیدرآباد سے 3445 اور ممبئی سے 45 عازمین کو روانہ کیا گیا تھا۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے آندھراپردیش کے 2096 اور کرناٹک کے 806 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ جاریہ سال بھی آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے پرواز کرینگے۔ تلنگانہ حج کمیٹی دونوں ریاستوں کے عازمین کیلئے کیمپ کا انعقاد عمل میں لائے گی۔

TOPPOPULARRECENT