Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ عازمین حج کیلئے کل مقررہ قرعہ اندازی ملتوی

تلنگانہ عازمین حج کیلئے کل مقررہ قرعہ اندازی ملتوی

ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر چیف الیکٹورل آفیسر کے احکام پر فیصلہ
حیدرآباد۔16 مارچ (سیاست نیوز) حج 2017 کے لیے تلنگانہ عازمین حج کی 18 مارچ کو مقررہ قرعہ اندازی ملتوی کردی گئی۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے تحریری احکامات کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 18 مارچ کو قرعہ اندازی کی اجازت کے سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر بھنو رلعل کو مکتوب روانہ کیا گیا تھا۔ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر ٹیچرس ایم ایل سی نشست کے لیے 19 مارچ کو رائے دہی مقرر ہے جس کے سبب ان تینوں اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابی ضابطہ اخلاف کے سبب قرعہ اندازی کے انعقاد کی اجازت نہیں دی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی سے مشاورت کے بعد قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 24 مارچ تک انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس کے بعد ہی کسی تاریخ کا تعین ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے قرعہ اندازی کی ایک ہی تاریخ مقرر کی۔ آندھراپردیش میں مقررہ پروگرام کے مطابق قرعہ اندازی 18 مارچ سہ پہر 3 بجے وجئے واڑہ میں مقرر ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے سنٹرل حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سے ربط قائم کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب چیف الیکٹورل آفیسر کے احکامات سے واقع کروایا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ کسی تاریخ کا تعین کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ حج 2017ء کے لیے تلنگانہ کو 3367 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے جن میں سے دو محفوظ زمرہ جات کے تحت 3037 نشستیں قرعہ اندازی کے بغیر ہی الاٹ کردی گئیں لہٰذا باقی عام زمرے کی 330 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ 70 سال یا اس سے زائد عمر کے عازمین کی درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب کیا جاتا ہے اس کے علاوہ مسلسل چار مرتبہ درخواست گزار عازمین کی درخواستیں راست طور پر منتخب قرار پاتی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق محفوظ زمرے جات کے منتخب عازمین 30 اپریل تک پہلی قسط کی رقم کے طور پر 81 ہزار روپئے جمع کردیں۔ تلنگانہ حکومت زائد کوٹہ حاصل کرنے کیلئے مرکز سے نمائندگی کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT