Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ عوام حکومت کی اسکیمات اور کاموں سے مطمئن

تلنگانہ عوام حکومت کی اسکیمات اور کاموں سے مطمئن

نئی ریاست ہر محاذ پر ترقی کی سمت گامزن ، ٹی آر ایس ایم پی کا بیان

نئی ریاست ہر محاذ پر ترقی کی سمت گامزن ، ٹی آر ایس ایم پی کا بیان
حیدرآباد۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمان بی سُمن نے دعویٰ کیا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس قدر ترقیاتی اور فلاحی کام انجام نہیں دیئے جارہے ہیں جتنے نوقائم شدہ تلنگانہ ریاست میں جاری ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ تلنگانہ ریاست جس تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اس کی کسی نے توقع نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد تلنگانہ اہم شعبہ جات میں ملک کی دیگر ریاستوں میں پہلا مقام حاصل کرلے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی ترقی سے بوکھلاہٹ کا شکار کانگریس قائدین ، چیف منسٹر اور حکومت پر بے جا تنقیدوں کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین نے حکومت پر تنقیدوں کو اپنا معمول بنالیا ہے جبکہ عوام میں ان تنقیدوں کا کوئی اثر نہیں۔ سمن نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام حکومت کی اسکیمات سے مطمئن ہیں اور وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں ہرگز آنے والے نہیں۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تنقیدوں کے بجائے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کریں۔ سمن نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے میں شریک ہوکر اپوزیشن جماعتیں اپنے حلقہ جات کے عوام کی بھلائی کو یقینی بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کے قیام کے بعد سے چندر شیکھر راؤ نے خود کو عوامی فلاح و بہبود کیلئے وقف کردیا ہے۔ سمن نے تلگو دیشم اور کانگریس قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صرف تنقیدوں سے حکومت کی کارکردگی کو متاثر نہیں کیا جاسکتا۔ ان جماعتوں کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی میں شامل ہوتے ہوئے عوام کی بھلائی کی فکر کریں۔

TOPPOPULARRECENT