Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اجلاس کے ایام میں تخفیف

تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اجلاس کے ایام میں تخفیف

50 دنوں کے بجائے 15 دنوں تک محدود ، اپوزیشن کی تجویز پر فیصلہ
حیدرآباد۔27 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 15 دن جاری رہے گا۔ حکومت نے سرمائی اجلاس کو 50 دن چلانے کا اعلان کیا تھا تاہم اپوزیشن جماعتوں کی تجاویز کے بعد اسے 15 دن تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی کے اجلاس پر منعقدہ فلور لیڈرس سے مشاورت میں وزیر امور مقننہ ہریش رائو نے حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس کی مدت اور موضوع بحث آنے والے مسائل کے بارے میں تفصیلات کا پیر کے دن اعلان کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے فلور لیڈرس اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے 50 دن کے اعلان کے بعد اہم سیاسی جماعتوں نے اعتراض جتایا اور کہا کہ بجٹ اجلاس میں مباحث کے لیے مواقع زیادہ ہوتے ہیں جبکہ سرمائی اجلاس کو طویل کرنے کی روایت نہیں ہے۔ حکومت نے آج مباحث سے متعلق بعض موضوعات سے اپوزیشن قائدین کو واقف کروایا جس میں اقلیتی بہبود کے مسائل پر مباحث شامل ہیں۔ حکومت کے طے شدہ پروگرام کے مطابق 15 دن کے اجلاس کا وقت صبح 10 تا 1:30 بجے دن رہے گا اور وقفہ سوالات ابتدائی دیڑھ گھنٹے میں مکمل کیے جائیں گے۔ تحریکاتِ التوا کی پیشکشی کا وقت وقفہ سوالات کے بعد مقرر کیا گیا ہے۔ روزانہ ایک عوامی مسئلہ پر مختصر مدتی مباحث ہوں گے۔ وزیر امور مقننہ ہریش رائو نے کہا کہ حکومت طویل اجلاس کے لیے تیار ہے لیکن اپوزیشن تیار دکھائی نہیں دیتی کیوں کہ اس کے پاس مسائل نہیں ہیں۔ ہریش رائو نے اسمبلی میں پیش کیے جانے والے سرکاری بلس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اپوزیشن نے تجویز پیش کی کہ ایک ہی دن میں تمام سرکاری بلس پیش کرنے کے بجائے مختلف ایام میں انہیں ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ حکومت نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا۔ حکومت نے دوپہر کے سیشن میں بلس پر مباحث کی تجویز پیش کی ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش کے مطابق ہی اسمبلی کے ایام کا تعین کیا جائے گا۔

 

TOPPOPULARRECENT