Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں آئندہ تین دن تک سردی کی لہر کی پیش قیاسی

تلنگانہ میں آئندہ تین دن تک سردی کی لہر کی پیش قیاسی

شہر میں زکام، کھانسی اور بخار کی وبا، بے گھر افراد سرد راتوں میں آگ تاپنے پر مجبور

شہر میں زکام، کھانسی اور بخار کی وبا، بے گھر افراد سرد راتوں میں آگ تاپنے پر مجبور
حیدرآباد /19 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو دن سے جاری سردی کی لہر مزید شدت کے ساتھ برقرار ہے۔ ضلع عادل آباد ریاست کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کا درجہ حرارت چار ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ نظام آباد، کریم نگر، میدک، نلگنڈہ اور دیگر اضلاع میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔ شہر حیدرآباد میں آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسئس اور کم سے کم 11.2 ڈگری سیلسئس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دن تک ریاست میں سرد موسم بدستور برقرار رہے گا۔ حیدرآباد اور بعض اضلاع میں دن کے دوران دھوپ کے ساتھ سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں مطلع جزوری طورپر ابر آلود رہے گا۔ دن اور رات کے درجہ حرارت میں ایک یا دو ڈگری کی کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر میں سرد موسم کے سبب بالخصوص رات کے اوقات سڑکوں پر سونے والے بے گھر افراد اور دیگر غریب محنت کش مرد و خواتین اور بچے جگہ جگہ سڑکوں کے کنارے حلقہ بناکر آگ تاپتے دیکھے گئے۔ ماہرین موسمیات نے کہا کہ دسمبر میں شدید سردی کی لہر معمول کے مطابق ہے، جس میں فکر و تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ تاہم سوائن فلو کی وبا سے تلنگانہ میں 60 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات پر پیدا شدہ خوف و سنسنی پر محکمہ صحت و طبابت کے ذمہ داروں نے کہا ہے کہ سوائن فلو کا ابتدائی مرحلہ میں علاج ممکن ہے، جس کے لئے سرکاری دوا خانوں میں درکار ادویات موجود ہیں۔ سرد موسم سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نزلہ زکام، کھانسی اور بخار کی وباء بھی عام ہو رہی ہے، بالخصوص پرانے شہر کے اکثر دوا خانوں پر سردی زکام اور بخار سے متاثرہ مریضوں کی کثیر تعداد دیکھی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے گھر اور اطراف کا ماحول صاف رکھنے، گرم ملبوسات استعمال کرنے اور سردی سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری طرف دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سڑکوں کے کنارے گرم ملبوسات کے کاروبار میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT