Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں آئی ٹی سرگرمیوں سے مائیکرو سافٹ کو آگہی

تلنگانہ میں آئی ٹی سرگرمیوں سے مائیکرو سافٹ کو آگہی

سی ای او ستیہ نادیڈلا نے وزیر آئی ٹی راما راو کے ہمراہ ’ٹی ھب‘ کا مشاہد ہ کیا ‘ نوجوانوں کی مدد کا عزم
حیدرآباد۔28ڈسمبر ( سیاست نیوز) چیف ایکزیکٹیو آفیسر ( سی ای او) مائیکرو سافٹ کمپنی مسٹر ستیہ  نادیڈلا نے آج اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ’’ ٹی ھب‘‘ کا مشاہدہ کیا ۔ مسٹر ستیہ  نادیڈلاکی ٹی ھب میں آمد پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ان کا فقید المثال خیرمقدم کیا اور بعد ازاں مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ’’ ٹی ھب‘‘ کی سرگرمیوں سے مسٹر ستیہ نادیڈلا کو واقف کروایا ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہیکہ مسٹر ستیہ نادیڈلا نے ٹی ھب میں ’’ اسٹار ٹ اپ‘‘ ( شروعاتی) نمائندوں سے بات چیت کی ۔ بعد ازاں انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی ھب کے ساتھ ملکر مائیکرو سافٹ کمپنی کام کرے گی اور اکسیلیٹرس و اسٹار ٹ اپس کی ترقی میں برابر کے حصہ دار بنیں گے ۔ انہوں نے ہندوستان میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی ( انفارمیشن ٹکنالوجی)  شعبہ میں ہندوستانی افراد کی صلاحیتوں و مہارتوں میں بتدریج  اضافہ ہورہا ہے ۔ مسٹر ستیہ نادیڈلا نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بہت جلد ہندوستان انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ میں قائدانہ رول ادا کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹار ٹ اپ نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہونے سے ایک لحاظ سے نئی ہمت افزائی و نیا جذبہ پیدا ہوا ہے ۔ علاوہ ازیں اسٹار ٹپ اداروں کی ترقی میں تہذیبی صلاحیتیں بھی اپنا اہم رول ادا کرتی ہیں ۔ نوجوان تاجرین کو اعلیٰ مقام دلانے کیلئے اقدامات کرنا ہی ہمارا اہم مقصد ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حالات میں ناکامیوں کے ذریعہ سبق حاصل کر کے اعلیٰ مقام تک ان افراد کو پہنچانا ہمارا مقصد ہے ۔ اس طرح مزید کامیابیوں کے حصول کیلئے کانسپٹ کیپیبلٹی  اور کلچر جیسے تینوں نکات پر عمل آوری کی جانی چاہیئے اور کہاکہ پہلے مرحلہ سے ہی کوئی بھی چیز سیکھنے کیلئے اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کیا جانا چاہیئے ۔ مسٹر ستیہ نادیڈلا نے کہا کہ کیپیبلٹی میں اضافہ کرلینے پر اپنی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکتاہے ۔

TOPPOPULARRECENT