Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں اسکولس کو کل سے گرمائی تعطیلات

تلنگانہ میں اسکولس کو کل سے گرمائی تعطیلات

شدید گرمی کے پیش نظر شیڈول تبدیل، لو لگنے سے جملہ 35 اموات
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے گرمائی تعطیلات کے 16 اپریل سے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔ حکومت کی جانب سے آج جاری کردہ اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی اور کہا گیا کہ گرمائی تعطیلات کے شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے 16 اپریل تا 12 جون گرمائی تعطیلات رہیں گی جو سابق میں 24 اپریل تا 12 جون تھے۔ روزنامہ سیاست کے 11 اپریل کی اشاعت میں صفحہ 6 پر اِس سلسلہ میں ایک خبر شائع ہوئی جس میں نصف یوم کے اسکولوں  کو بھی فوری طور پر بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا اور شدید گرما کے سبب طلبہ و اولیائے طلبہ کو ہونے والی دشواریوں کی جانب توجہ مبذول کروائی گئی تھی۔ گرمائی تعطیلات کے شیڈول میں ترمیم کے احکامات آج ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن حکومت تلنگانہ نے جاری کردیئے ہیں۔ ریاست کے تمام سرکاری، امدادی، ادارہ جات مقامی اور خانگی اسکولوں کو 16 اپریل سے گرمائی تعطیلات شروع ہوجائیں گی۔ تعلیمی سال 2016-17 ء کا آغاز اور اسکولوں کی ازسرنو کشادگی 13 جون کو عمل میں آئے گی۔ حکومت کے اِس فیصلہ سے ریاست کے طلبہ و اولیائے طلباء نے راحت کی سانس لی۔ تلنگانہ میں آج بھی مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری رہی۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ دو یوم تک گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تلنگانہ کے اضلاع نظام آباد، نلگنڈہ، حیدرآباد کے علاوہ راما گنڈم میں شدید گرمی کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہونچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔لو لگنے سے اب تک جملہ 35 اموات ہوچکی ہیں۔ شہر و نواحی علاقے میں آج تین علیحدہ واقعات میں 3  افراد لو لگنے سے فوت ہوگئے۔ سنجیو ریڈی نگر پولیس کے مطابق 48 سالہ یادیا ، صنعت نگر پولیس کے مطابق 28 سالہ یوگیش اور سرور نگر پولیس کے مطابق 76 سالہ ضعیف شخص نرسمہا لو لگنے سے فوت ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT