Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے اوورسیز ایجوکیشن اسکالرشپ

تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے اوورسیز ایجوکیشن اسکالرشپ

ادارۂ سیاست کی کاوشیں رنگ لائیں، سمینار اور شعور بیداری مہم کا مثبت اثر ،بیشتر طلبہ کا انتخاب
حیدرآباد 13 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت تلنگانہ کی اوورسیز ایجوکیشن اسکالرشپ اسکیم کے تحت 280 اقلیتی طلبا کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت حکومت تلنگانہ ان طلبا کو فی کس 10 لاکھ روپئے اسکالرشپ فراہم کریگی ۔ اس اسکیم میں روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی کاوشوں کا بڑا دخل رہا ہے ۔ یہ اسکیم ابتداء میںصرف ایس سی ایس ٹی طلبا کیلئے تھے اور ایس سی ایس ٹی طلبا کو بیرونی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسکالر شپ دی جاتی تھی ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کی تھی ۔ جناب زاہد علی خاں کی نمائندگی پر چیف منسٹر نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا تھا اور پھر حکومت تلنگانہ نے اس اسکیم کا باضابطہ اعلان کیا ۔ حکومت کی جانب سے اسکیم کے اعلان کے بعد بھی ادارہ سیاست کی جانب سے اس سلسلہ میں سرگرم رول ادا کیا گیا ۔ روزنامہ سیاست کی ہیلپ لائین سے اس اسکیم کے سلسلہ میں 190 سے زائد درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں 130 سے زائد طلبا کا اسکالرشپ کیلئے انتخاب عمل میں آیا ۔ روزنامہ سیاست نے حکومت کی جانب سے اسکیم کے اعلان کے بعد ایک سمینار منعقد کرتے ہوئے اقلیتی طلبا و طالبات میں اس تعلق سے شعور بیدار کیا ۔ اس سمینار میں سینکڑوں اقلیتی طلبا نے شرکت کرتے ہوئے مفید مشوروں اور موثر رہنمائی سے استفادہ کیا ۔ شعور بیدار کرنے کے علاوہ ادارہ سیاست کی جانب سے طلبا کے دستاویزات کو حکومت کی شرائط کے مطابق جانچنے اور پھر آن لائین درخواستوں کے ادخال کیلئے بھی اقدامات کئے تھے ۔ روزنامہ سیاست کے کاؤنٹر سے 190 سے زائد طلبا نے اپنی درخواستیں اوورسیز ایجوکیشن اسکالرشپ کیلئے پیش کی تھیں۔ ریاستی حکومت کی مقرر کردہ کمیٹی نے بعد تنقیح دستاویزات اس اسکیم کے استفادہ کنندگان کا انتخاب کرلیا ہے اور ان میں روزنامہ سیاست کے کاؤنٹر سے درخواستیں داخل کرنے والے 130 سے زائد طلبا شامل ہیں۔ ان طلبا کو بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے حکومت تلنگانہ کی اسکالرشپ حاصل ہوگی ۔ سیاست کی ہیلپ لائین سے درخواستیں داخل کرنے والے بعض طلبا ایسے بھی ہیں جن کی درخواستوں کو بعض وجوہات کی بنا پر التوا میں رکھا گیا ہے اور ان پر دوسرے مرحلہ میں غور ہوگا ۔ جن طلبا کا اس اسکیم کیلئے انتخاب عمل میں آچکا ہے انہیں بیرونی یونیورسٹی میں داخلہ کی تکمیل کے بعد بیرونی سفر کے ٹکٹ کی کاپی ‘ ویزا کی کاپی ‘ داخلہ کارڈ وغیرہ متعلقہ محکمہ کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنی ہوگی جس کے بعد انہیں اسکالرشپ کی رقم جاری کی جائیگی ۔

TOPPOPULARRECENT