Tuesday , December 11 2018

تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ کا پتہ چلانے اسٹیٹ آرکائیوز سے تعاون

ڈائرکٹر آرکائیوز ڈاکٹر زرینہ پروین کی وقف بورڈ عہدیداروں کے اجلاس میں شرکت ، چیرمین سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 7 ۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ کا پتہ چلانے کیلئے اسٹیٹ آرکائیوز نے تعاون کا پیشکش کیا ہے۔ اسٹیٹ آرکائیوز کی ڈائرکٹر ڈاکٹر زرینہ پروین نے آج صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم اور بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ امور مذہبی نے اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ کا پتہ چلانے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ آرکائیوز اور امور مذہبی میں ریکارڈ چونکہ فارسی اور قدیم اردو میں ہیں، لہذا ماہرین کے ذریعہ ان کا ترجمہ کیا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر زرینہ پروین نے وقف بورڈ کے عہدیداروں یا پھر باہر سے ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ امور مذہبی میں وقف ریکارڈ کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں اوقاف اور انڈومنٹ کے بجائے امور مذہبی موجود تھا ، لہذا وہاں کئی اہم جائیدادوں کا ریکارڈ حاصل ہوسکتا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ اسٹیٹ آرکائیوز کو ماہرین کی خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ امور مذہبی سے ریکارڈ حاصل کرتے ہوئے کئی اہم جائیدادوں پر وقف بورڈ اپنی دعویداری پیش کرسکتا ہے ۔ محمد سلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایسی جائیدادوں کی فہرست تیار کریں جن کیلئے ریکارڈ درکار ہے۔ آرکائیوز یا پھر امور مذہبی سے ریکارڈ بازیاب کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اسی دوران تولیت ، ڈیولپمنٹ ، اڈمنسٹریشن ، فینانس سے متعلق ذیلی کمیٹیوں کا اجلاس جمعرات کو وقف بورڈ میں منعقد ہوگا جبکہ بورڈ کا اجلاس ہفتہ کو طلب کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT