Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتوں کے لیے کوئی موقع نہیں : جگدیش ریڈی

تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتوں کے لیے کوئی موقع نہیں : جگدیش ریڈی

اپوزیشن ، عوام میں مسترد ، ٹی آر ایس کو عوام نے اپنی پارٹی کے طور پر قبول کرلیا ، وزیر برقی
حیدرآباد ۔ 25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتوں کیلئے کوئی موقع نہیں ہے کیونکہ عوام ٹی آر ایس کو اپنی پارٹی کے طور پر قبول کرچکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کو عوام نے بری طرح مسترد کردیا ہے۔ جگدیش ریڈی نے حکومت کے خلاف محاذ آرائی میں کانگریس اور بی جے پی اتحاد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ دو علحدہ نظریات کا دعویٰ کرنے والی جماعتوں نے سیاسی مقصد براری کیلئے باہم اتحاد کرلیا ہے۔ انہوں نے اسے موقع پرستانہ اتحاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں یہ جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے ناپاک اتحاد سے ضلع میں تشدد اور قتل کی سیاست کا احیاء ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے گاؤں میں تشدد کو ہوا دینے والی دونوں پارٹیاں اب مختلف ہوچکی ہیں۔ جگدیش ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خلاف ان جماعتوں کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سوریا پیٹ کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں آبپاشی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے پراجکٹس کی تعمیر عمل میں آرہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین کو اس وقت ضلع کی ترقی کا خیال نہیں آیا جب وہ اقتدار میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دوبارہ اپنے قدم جمانے کیلئے کانگریس اور بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے لیکن انہیں عوامی تائید حاصل نہیں ہوسکتی۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس ، تلگو دیشم اور بی جے پی کا تلنگانہ میں کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد مواضعات میں پرامن ماحول پیدا ہوا ہے جبکہ اپوزیشن اس ماحول کو بگاڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لائے گی تو عوام اسے سبق سکھائیں گے۔
حسن نگر این ٹی آر نگر میں نوجوانوں
کی ٹی آر ایس میں شمولیت
شمس آباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : راجندر نگر حلقہ کے علاقہ حسن نگر این ٹی آر نگر میں نوجوانوں نے سلیمان نگر ڈیویژن صدر شیخ نعیم الدین سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ شیخ نعیم الدین نے پارٹی کھنڈوا پہناکر استقبال کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کی فلاحی اسکیمات سے متاثر ہو کر نوجوان ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔ کے چندرا شیکھر راؤ نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اسکیمات کو شروع کیا جس سے ریاست میں عوام استفادہ حاصل کرتے ہوئے روزگار حاصل کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے ریزیڈنشیل اسکولس قائم کرتے ہوئے مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات ، پنشن کی رقم میں اضافہ ، شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ غریب لڑکیوں کی شادی کے لیے رقم دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر محمد ابراہیم ، محمد حسین کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT