Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں اپوزیشن کے منفی رول سے عوام ناراض

تلنگانہ میں اپوزیشن کے منفی رول سے عوام ناراض

اپوزیشن قائدین کی ڈپازٹ بھی نہیں بچ پائے گی ، ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 5۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزراء ہریش راؤ اور جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن کے منفی رول سے عوام سخت ناراض ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں اپوزیشن قائدین کی ڈپازٹ بھی نہیں بچ پائے گی۔ دونوں وزراء نے آج نلگنڈہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ طویل جدوجہد کے بعد حاصل کردہ تلنگانہ ریاست کی ترقی اپوزیشن کو برداشت نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ریاست کو ملک میں نمبر ون مقام تک پہنچادیا ہے ۔ اس کے علاوہ کارکردگی کے اعتبار سے کے سی آر کو نمبر ون چیف منسٹر کا درجہ حاصل ہوا ہے ۔ تلنگانہ میں عوام کی بھلائی کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا گیا ، دیگر ریاستیں اسے اختیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مختلف ریاستوں نے تلنگانہ حکومت سے اسکیمات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی ہیں۔ دونوں وزراء نے اپوزیشن پر ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اپوزیشن واحد ایجنڈہ پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تعمیر کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے لیکن عدالتوں میں مقدمات کے ذریعہ کانگریس قائدین رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اپوزیشن کو ترقی میں رکاوٹ کیلئے معاف نہیں کریں گے۔ اپوزیشن کے رویہ سے آندھرائی حکومت کو تلنگانہ کے مفادات پر تسلط حاصل کرنے کا موقع فراہم ہوا ہے۔ ناگرجنا ساگر کا پانی آندھراپردیش غیر قانونی طریقہ سے حاصل کر رہا ہے لیکن کانگریس قائدین خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ریاستی وزراء نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کے وعدوں پر عمل آوری کا یقین رکھیں کیونکہ کے سی آر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طاقت کے سی آر کو وعدوں سے منحرف نہیں کرسکتی۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے حکومت کی کارکردگی سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ عوام اپوزیشن کی الزام تراشیوں پر بھروسہ کرنے والے نہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔

TOPPOPULARRECENT