Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں ایرانی سرمایہ کاری کی تجویز ، حکومت سے بات چیت کا آغاز

تلنگانہ میں ایرانی سرمایہ کاری کی تجویز ، حکومت سے بات چیت کا آغاز

ایرانی وفد کی ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ سے ملاقات
حیدرآباد۔7ڈسمبر(سیاست نیوز) چالیس سے زائدایرانی مندوبین پر مشتمل تاجرین اور عہدیداروں نے نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمدمحمو دعلی کی قیامگاہ واقع منسٹر س کوارٹرس پر ملاقات کی اس موقع پر ریاستی وزیرصنعت جوپلی کرشنا رائو بھی موجود تھے۔ قونصلیٹ جنرل ایران حسن نوریان اور ایران چیمبر آف کامرس کے چیف غلام حسن شافی کے ہمراہ ایرانی تاجرین اور عہدیداروں نے تلنگانہ میںسرمایہ کاری کے متعلق ریاستی وزیرصنعت جوپلی کرشنا رائوسے تفصیلی بات چیت بھی کی۔دو گھنٹے طویل ملاقات کے دوران ایران سے خشک میوہ جات‘ زعفران کی درآمد اور تلنگانہ سے چاول‘ تل کی برآمد پرگفتگو کی گئی۔اس کے علاوہ ایران میں زراعت کے لئے استعمال کی جانے والی ماڈرن ٹکنالوجی کے تلنگانہ میںاستعمال پر بھی غور کیا گیا۔وفد نے ادویات تیار کرنیوالے کمپنیو ں میںبھی سرمایہ کاری کے متعلق بات کی۔اس موقع پر ایران دست کاری پر مشتمل مومنٹو بھی جناب محمد محمو دعلی کو ایرانی وفد کی جانب سے پیش کیا گیا ۔بعد ازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعلی الحاج محمد محمود علی نے بتایا کہ ایران کے اعلی سطحی وفد کی جانب سے تلنگانہ میںسرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی گئی ہے جس پر بہت جلد فیصلہ بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد او رایران کے درمیان قدیم رشتہ ہے جس کو حکومت تلنگانہ اور مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے کاکام کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تمام تاریخی عمارتوں میںایران کے شہر اصفہان کا طرز تعمیرنظر آتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میںایران کے زعفران اور چائے کی پتی کی بہت مانگ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایرانی چائے آج بھی حیدرآباد کی قدیم روایت کا حصہ بنی ہوئی ہے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرچکی ہے ۔ انہوں نے ایران اور تلنگانہ حکومت کے درمیان بہتر سفارتی تعلقات کی ایک مثال شہر حیدرآباد میںواقع ایرانی سفارت خانہ ہے ۔ اب تجارت کے لئے بھی ایران تاجرین کی یہاں پر سرمایہ کاری کے حالات کو یقینی بنانے کا فیصلہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میںتلنگانہ میں انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی‘ فارما اور دیگر شعبہ میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری ممکن ہے ۔ انہوں نے آئندہ سال جون میں تلنگانہ حکومت کے ایک وفد کی ایران کو روانگی کا بھی ذکر کیا۔جوپلی کرشنا رائو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک خوش آئند اقدام ہے کہ ایران کے تاجرین اور عہدیداروں نے تلنگانہ میںسرمایہ کاری کے متعلق بات چیت کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت تلنگانہ نے اپنی انڈسٹری پالیسی میںنرمی بھی لائی ہے۔انہوں نے ایرانی وفد سے ملاقات کے بعد مسرت کا اظہار کیا۔ قونصلیٹ جنرل ایران نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایرانی وفد کے استقبال پر مسر ت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل قریب میں ایرانی تاجرین او ر عہدیداروں کو وفد دوبارہ ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میںسرمایہ کاری کے فیصلے کو قطعیت دے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT