Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں ایک نیا ’رضاکار‘ دور حکومت ہونے کا الزام

تلنگانہ میں ایک نیا ’رضاکار‘ دور حکومت ہونے کا الزام

گاندھی بھون میں منعقدہ حیدرآباد لبریشن ڈے تقریب سے اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 17 ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے دور حکومت میں دلتوں، قبائلیوں، بی سیز، اقلیتوں اور کمزور طبقات پر بڑھتے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وہ آج گاندھی بھون میں حیدرآباد لبریشن ڈے کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ اگرچیکہ ہندوستان کو 15 اگسٹ 1947 ء کو آزادی حاصل ہوئی تاہم اس وقت کی ریاست حیدرآباد میں 17 ستمبر 1948 ء تک نظام کی حکومت تھی۔ انھوں نے کہاکہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے جو اس وقت کے وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو کی کابینہ میں وزیرداخلہ تھے، پہل کرتے ہوئے انڈین یونین میں حیدرآباد کے انضمام کو یقینی بنایا تھا تاکہ رضاکاروں کے دور کا خاتمہ ہو جنھوں نے عام آدمی میں دہشت پیدا کردی تھی اور ان کے حقوق اور آواز کو دبایا تھا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ یہ کانگریس پارٹی ہی ہے جس نے ملک کے لئے آزادی حاصل کی، حیدرآباد کو انڈین یونین میں ضم کیا اور تلنگانہ کو بھی ریاست کا درجہ عطا کیا۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اقتدار پر آنے سے قبل حیدرآباد لبریشن ڈے کو سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سیاسی کھیل کھیلا تھا۔ تاہم انھوں نے کے سی آر سے پوچھا کہ وہ یہ بتائیں کہ اس موقع کو سرکاری سطح پر منانے میں کس بات کا خوف ہے۔

اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ میں فی الوقت ایک نیا ’’رضاکار‘‘ دور حکومت چل رہا ہے جس میں عوام کی آواز کو طاقت سے دبایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ کھمم کے قبائیلی کسانوں کو ٹی آر ایس حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے پر جھوٹے مقدمات میں ماخوذ کیا گیا، انھیں ہتھکڑیاں ڈالی گئیں اور جیل بھجوایا گیا۔ اسی طرح کئی دلتوں کو ٹی آر ایس حکومت کے خلاف آواز اٹھانے پر ظلم و زیادتی کا شکار بنایا گیا۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت نے حکومت کے خلاف آواز اُٹھانے والوں کو دبانے کیلئے کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے کہاکہ تلنگانہ کو نئے رضاکار دور سے آزاد کرانے کے لئے ایک اور جدوجہد شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے عوام سے کے سی آر حکومت کے آمرانہ اور تکبرانہ انداز کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنے کی اپیل کی۔ قبل ازیں اتم کمار ریڈی اور دیگر کانگریس قائدین نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے اشوکا پلر، کوٹھی پر منعقدہ حیدرآباد لبریشن ڈے تقریب میں بھی شرکت کی اور شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر سابق پی سی سی صدر وی ہنمنت راؤ، رکن راجیہ سبھا آر آنند بھاسکر، سابق ایم پی ایم انجن کمار یادو، سابق وزیر دانم ناگیندر، ٹی پی سی سی نائب صدر ملو روی، جنرل سکریٹریز پریم کشن، جی نرنجن اور بی کشن ، مہیلا کانگریس صدر این شاردا اور دیگر قائدین موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT