Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری

تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری

24گھنٹوں میں 5 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ ، محکمہ موسمیات کا بیان
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی علاقوں میں 5 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خاص کر ضلع کھمم کے کتہ گوڑم میں اچھی بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون ریاست پر معمول کے مطابق سرگرم ہے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہورہی ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے حیدرآباد میں بھی شدید بارش دیکھی گئی جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج رہی۔ حیدرآباد میں گھروں میں پانی گھسنے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے بارش کے باعث خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کمشنر بی جناردھن ریڈی نے انجینئرس اور اسٹاف کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور شہر کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے بھی بلدی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں شہر کی سڑکوں کا جائزہ لیا اور آئندہ تین ماہ کے دوران جامع طور پر سڑکوں کی مرمت کے کام کی ہدایت دی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں حالیہ بارش کے باعث سڑکیں خراب ہوچکی ہیں ، ان کی مرمت کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT