Saturday , February 24 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں بی جے پی ہی ٹی آر ایس کی متبادل ‘ ڈاکٹر لکشمن

تلنگانہ میں بی جے پی ہی ٹی آر ایس کی متبادل ‘ ڈاکٹر لکشمن

پارٹی تنہا مقابلہ کریگی ۔ کسی سے اتحاد نہیں کیا جائیگا ۔ ریاستی صدر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 4 فبروری ( این ایس ایس ) بی جے پی تلنگانہ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے آج کہا کہ ان کی پارٹی 2019 کے انتخابات میں تنہا مقابلہ کریگی جیسا کہ پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے واضح کیا ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ریاست میں کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی مفاہمت نہیں ہوگی اور ان کی پارٹی اپنے طور پر تنہا مقابلہ کریگی ۔ لکشمن نے کہا کہ امیت شاہ کے بموجب تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے اب ٹی آر ایس ہی اصل نشانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قومی صدر نے ہم سے کہا ہے کہ وہ کچھ مرکزی وزرا کی جانب سے ریاستی حکومت کی ستائش کو نظر انداز کردیں۔ ہم اب مرکزی اسکیمات کی زیادہ تشہیر کرتے ہوئے عوام تک رسائی حاصل کرینگے ۔ لکمشن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ریاستی حکومت وعدہ کے مطابق 1.12 لاکھ روزگار فراہم نہیں کرتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے امیت شاہ کو ریاست میں پارٹی کی صورتحال سے واقف کروایا ہے اور کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ انتخابات کیلئے تیاری کی جائے ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کی ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ عام انتخابات قبل از وقت ہونگے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں برسر اقتدار پارٹی سے مقابلہ کیلئے پہلے ٹاؤنس اور گاووں میں خود کو مستحکم کریگی اور کرپشن سے مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی ہی ٹی آر ایس کی اصل متبادل ہے ۔ کانگریس اور ٹی آر ایس کرپشن کے معاملہ میں ایک ہی ہیں۔ مرکزی حکومت نے موافق عوام بجٹ پیش کیا ہے اور اس میں زراعت ‘ صحت اور تعلیم پر خاص توجہ دی گئی ہے اور کسانوں کی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کا تیقن دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں پردھان منتری فصل بیما یوجنا ‘ آیوشمان اور دوسری اسکیمات کو گھرگھر پہونچانے مہم شروع کریگی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ان افراد کو عہدوں سے انکار کر رہے ہیں جنہوں نے تلنگانہ جدوجہد میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ان لوگوں کو مواقع دئے جا رہے ہیں جنہوں نے تلنگانہ کی شدت سے مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ستوپلی ٹی آر ایس لیڈر رام لنگیشور راؤ بہت جلد بی جے پی میں شامل ہونگے ۔ اس کے علاوہ حال میں بی جے پی میں شامل ہوئے امریندر ریڈی محبوبنگر لوک سبھا سے یا پھر ونپرتی اسمبلی حلقہ کیلئے مقابلہ کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT