Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں حادثات و اموات کی روک تھام کے لیے اقدامات

تلنگانہ میں حادثات و اموات کی روک تھام کے لیے اقدامات

ٹریفک اینڈ روڈ سیفٹی نام سے خصوصی شعبہ تشکیل ، قومی شاہراہوں پر ٹریفک پولیس اسٹیشن
حیدرآباد ۔ 8نومبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے انسداد حادثات و اموات کی روک تھام کیلئے قومی شاہراہوں پر 50ٹریفک پولیس اسٹیشن قائم کرنے کے علاوہ ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک اینڈ روڈ سیفٹی کے نام سے خصوصی شعبہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں ٹریفک حادثات کا جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ حادثات اور اموات قومی شاہراہوں پر پیش کررہے ہیں ۔ ان حادثات کو کنٹرول کرنے اور اموات کی شرح کو گھٹانے کیلئے حکومت کی جانب سے خصوصی لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے ۔ سارے ریاست تلنگانہ میں 5200 کلومیٹر قومی شاہراہیں ہیں ‘ ہر 50کلومیٹر پر ایک ٹریفک پولیس اسٹیشن کے حساب سے جملہ 50 ٹریفک پولیس اسٹیشنس قائم کئے جارہے ہیں ۔ انسداد حادثات کیلئے ڈپارٹم آف ٹریفک اینڈ روڈ سیفٹی خصوصی شعبہ تشکیل دیا جارہا ہے ۔ ہر سال سینکڑوں ٹرک حادثات پیش آرہے ہیں اور درجنوں افراد کی موت واقع ہورہیہیں اور بے حساب افراد بری طرح زخمی ہورہے ہیں جسکا حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ حادثات کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے صدرنشین چیف منسٹر کے سی آر ہوں گے ‘ بحیثیت ارکان محکمہ ٹرانسپورٹ ‘ ٹریفک پولیس ‘ محکمہ عمارات و شوارع کے اعلیٰ عہدیدار ہوں گے ۔ اس کمیٹی نے ابھی تک کئی اجلاس طلب کئے ہیں جس میں حادثات کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف زاویوں سے غور کیا گیا اور کئی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سڑکوں کی تعمیرات کی نوعیت ‘ حادثات کے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے متبادل امکانات کا جائزہ لیا گیا ‘ ہر 50کلومیٹر پر ایک ہائی وے ٹریفک پولیس اسٹیشن قائم کرنے ایک پولیس اسٹیشن میں 3ایس آئی کے ساتھ جملہ 22ملازمین کی خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام اسٹاف کو 24 گھنٹے متحرک رکھتے ہوئے سڑکوں کی نگرانی کرنے پر پولیس اسٹیشن کیلئے ایک انٹرسپیڈ گاڑی ‘ تین ٹووہیلر گاڑیاں ‘کرین ‘ ایمبولنس کی سہولتیں بھی دستیاب رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں جملہ 26,831 کلومیٹر سڑکیں ہیں جس میں نیشنل ہائی وے 5200  کیلومیٹر ہے ۔ ملک کی 10فیصد قومی شاہراہ ریاست تلنگانہ میں ہیں ‘25فیصد حادثات نیشنل ہائی ویز پر ہورہے یہں اور 28فیصد اموات انہیں سڑکوں پر واقع ہورہی ہیں ۔ اسٹیٹ ہائی وے 3152 کلومیٹر ہے ‘جہاں حادثات کا تناسب 18فیصد ہے اور اموات کا تناسب 20فیصد ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں اسٹیٹ و نیشنل ہائی ویز جملہ 22فیصد ہے ۔ حادثات 43 فیصد ہورہے ہیں ۔ اموات کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ روڈ سیفٹی کے تحت ریاستی حکومت نے جاریہ سال بجٹ میں 37.08 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی ہے جس سے 150 انٹرسپیڈ گاڑیاں ‘10کرینس ‘123 ٹو وہیلر گاڑیاں ‘ 50لیزر اسپیڈ گنس ‘ 50 ایمبولنس ‘ 50سرویس کمیرے ‘ 50ہیڈرولک کٹر کے علاوہ دسری اشیاء خریدی گئی ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT