Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات

تلنگانہ میں حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات

11 جنوری سے ہفتہ روڈ سیفٹی تقاریب کے دوران بیداری مہم

11 جنوری سے ہفتہ روڈ سیفٹی تقاریب کے دوران بیداری مہم
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں حادثات کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر منظم انداز میں اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ہی جاریہ ماہ 11 جنوری تا 17 جنوری تک ریاست بھر میں ’’ ہفتہ روڈ سیفٹی تقاریب ‘‘ منعقد کی جائیں گی ۔ اس موقعہ پر یعنی ہفتہ روڈ سیفٹی تقاریب کے دوران سڑک حادثات پیش نہ آنے کے لیے ایکطرف عوام کو اور دوسری طرف ڈرائیورس میں بیداری مہم چلائی جائے گی ۔ اور حادثات کے تدارک کو یقینی بنانے کے لیے اختیار کئے جانے والے احتیاطی تدابیر و اقدامات سے واقف کروایا جائے گا ۔ آج شام یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ روڈ سیفٹی ویک کو منظم انداز میں کامیاب بنانے کے لیے عوام اور رضاکارانہ تنظیموں و سماجی تنظیموں کو آگے آنے کی شدید ضرورت ہے اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں سے روڈ سیفٹی ویک کو کامیاب بنانے کے لیے بھر پور تعاون کرنے کی پر زور اپیل کی ۔ وزیر موصوف نے اس موقعہ پر روڈ سیفٹی ویک تقاریب کے پوسٹرس کی بھی رسم اجراء بھی انجام دیں ۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ میں ہر سال پیش آنے والے سڑک حادثات و اموات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر سال سڑک حادثات میں زاید از 7 ہزار اموات کے واقعات پیش آئے ہیں ۔ جب کہ ان حادثات کے واقعات کی اصل وجوہات ، سیل فون پر بات کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرنا ۔ شراب نوشی کے ذریعہ ڈرائیونگ کرنا ، اور تیز رفتاری کے ساتھ ڈرائیونگ کرنا بتائی جاتی ہیں ۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں بالخصوص اسسٹنٹ موثر وہیکل انسپکٹر اور موٹر وہیکل انسپکٹرس سے حادثات کا تدارک کرنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی پر زور خواہش کی اور بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ سلسلہ وار اجلاسوں کا انعقاد عمل میں لائے جانے کی وجہ سے بھی حادثات کے واقعات میں کمی واقع ہورہی ہے ۔ آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تقسیم سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی مہیندر ریڈی نے کہا کہ گذشتہ دنوں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کر کے آر ٹی سی کی عاجلانہ تقسیم کے لیے اقدامات کرنے کی خواہش کی گئی ۔ جس پر انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا کہ بہت جلد آر ٹی سی کی تقسیم کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کی روشنی میں ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹس کے تعلق سے بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر سنیل شرما و دیگر اعلیٰ عہدیداران بشمول کمشنر محکمہ ٹرانسپورٹ وغیرہ بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT