Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں دو نئے میڈیکل کالجس کے قیام کی منصوبہ بندی

تلنگانہ میں دو نئے میڈیکل کالجس کے قیام کی منصوبہ بندی

کریم نگر اور نلگنڈہ اضلاع کا انتخاب ، آئندہ تعلیمی سال سے کالجس میں داخلوں کی تجویز
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں دو نئے میڈیکل کالجس کے قیام کے لئے منصوبہ بندی میں مصروف ہے اور ان میڈیکل کالجس کے لئے کریم نگر اور نلگنڈہ کا انتخاب عمل میں لایا جا چکا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے محبوب نگر میں میڈیکل کالج کے قیام کی تیاری مکمل کی جا چکی ہیں اور آئندہ تعلیمی سال سے اس کالج میں داخلوں کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دو نئے میڈیکل کالجس کی تعمیر کے منصوبہ کا اشارہ دیتے ہوئے ریاستی وزیر صحت مسٹر سی لکشما ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کو بھی کارپوریٹ طرز کے علاج و معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے متعلق کئے جانے والے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے تحت ریاست بھر میں 39ڈائیلاسس مراکز کے قیام کے علاوہ 36سخت نگہداشت و الے شعبۂ جات کے قیام کے لئے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور ان میں 20مراکز کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے جبکہ مابقی 16مراکز تیاری کے مرحلہ میں ہیں۔ انہوں نے ضلع کریم نگر میں سرکاری ہاسپٹل میں سخت نگہداشت و الے شعبہ کے قیام کو فوری اثر کے ساتھ منظوری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت عامہ کی بہتری اور انہیں بنیادی طبی سہولیات کے ساتھ معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے آشا ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کے متعلق محکمہ صحت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے آشا ورکرس کے مشاہرہ میں اضافہ کے سلسلہ میں حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور اسے بڑھا کر 6000 روپئے تک کئے جانے کے امکان ہیں۔مسٹر سی لکشما ریڈی نے کہا کہ بہت جلد کریم نگر ضلع ہیڈ کوراٹرس میں عصری سہولتوں سے آراستہ کارپوریٹ طرز کے دواخانہ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں میڈیکل تعلیم کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں اور میڈیکل کالجس کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں بھی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھرراؤ کوشاں ہیں ۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریاستی حکومت شعبہ صحت میں ملک بھر میں مثالی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانے میں مصروف ہے اور حکومت ہر غریب کو معیاری علاج کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ مسٹر سی لکشما ریڈی نے کہا کہ ریاست میں موجود تمام سرکاری دواخانوں میں بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی اور شہری و دیہی علاقو ںمیں موجود طبی مراکز میں عصری آلات کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT