تلنگانہ میں سرکاری افطار کی ذمہ داری اے کے خاں کے تفویض

غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم ، بجٹ کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے اقدامات

غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم ، بجٹ کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے اقدامات
حیدرآباد۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 12 جولائی کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر افطار اور غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کی اسکیم کی ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خان اور دیگر پولیس و سیول عہدیداروں کو سونپ کر بجٹ کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پارٹی کے بعض قائدین نے نمائندگی کی کہ حکومت کے اس پروگرام میں سیاسی قائدین کو بھی شامل کیا جائے تاہم چیف منسٹر نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کا ماننا ہے کہ سیاسی قائدین اور پارٹی کی مداخلت سے اسکیمات پر عمل آوری میں دشواری ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے منظورہ 26 کروڑ روپئے کے بجٹ کا صحیح استعمال خطرہ میں پڑ سکتا ہے لہذا چیف منسٹر نے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے انتظامات کی ذمہ داری دی ہے۔ انتظامات کے ضمن میں جائزہ اجلاسوں میں سیاسی قائدین کو شرکت سے باز رکھا گیا اور تمام انتظامات کی نگرانی پولیس اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار کررہے ہیں۔ اے کے خاں کو اس اہم ذمہ داری کے سبب اینٹی کرپشن بیورو اور پولیس کے دیگر شعبہ جات بھی ان کاموں میں شامل ہوچکے ہیں۔ اے کے خاں نے 12 سینئر پولیس عہدیداروں کی خدمات خصوصی طور پر حاصل کی ہیں اور انہیں مختلف اسمبلی حلقوں کے انچارج مقرر کیا گیا تاکہ وہ ان حلقوں کی مساجد کے انتظامات کی نگرانی کریں۔ ایڈیشنل ڈی سی پی (ایس بی) محمد اسمٰعیل کو گریٹر حیدرآباد کا نگران کار مقرر کیا گیا۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل ایس پی سعید احمد خاں کو حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ذمہ داری دی گئی۔ ماجد علی خاں انسپکٹر سعیدآباد (عنبرپیٹ و اُپل) ، سید فیاض انسپکٹر ایس بی (خیریت آباد، جوبلی ہلز و مشیرآباد)، نظیم الدین اسسٹنٹ کمشنر پولیس ایس بی (صنعت نگر و کوکٹ پلی) ، خلیل پاشاہ انسپکٹر گولکنڈہ (نامپلی، کاروان، شیرلنگم پلی)، طاہر علی ریٹائرڈ اے سی پی (گوشہ محل و چارمینار)، غوث آزاد انسپکٹر اے سی بی (یاقوت پورہ و چندرائن گٹہ)، محمد جاوید اسٹیشن ہاؤز آفیسر لنگرحوض (بہادر پورہ و راجندرنگر) ، تاج الدین اسسٹنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس (سکندرآباد و کنٹونمنٹ)، معشوق علی اسسٹنٹ کمشنر پولیس ایس بی (ملکاجگری و قطب اللہ پور) اور اقبال صدیقی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اے سی بی کو ایل بی نگر اسمبلی حلقہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مساجد کمیٹیاں ان عہدیداروں سے ربط میں رہیں گی اور بینکوں میں مساجد کے اکاؤنٹ کی کشادگی میں یہ عہدیدار تعاون کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT