Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / تلنگانہ میں شجرکاری مہم جوش و خروش کے ساتھ جاری‘ کے سی آر نے نمس میں پودا لگایا

تلنگانہ میں شجرکاری مہم جوش و خروش کے ساتھ جاری‘ کے سی آر نے نمس میں پودا لگایا

اسکولوں‘ سرکاری و خانگی اداروں میں ہریتا ہارم پروگرامس‘ لاکھوں پودوں کی شجرکاری‘ تلنگانہ کو سبزہ زار بنانے کا عہد

حیدرآباد ۔ 11جولائی ( سیاست نیوز) ریاست میں جنگلات کو فروغ دینے پودوں کی شجرکاری کے ذریعہ بارش کو یقینی بنانے کے مقصد سے حکومت تلنگانہ نے بڑے پیمانے پر ہریتا ہارم پروگرام منظم کیا ۔ ہریتا ہارم پروگرام ٹی آر ایس زیر قیادت تلنگانہ حکومت کا انتہائی اہمیت کا حامل پروگرام ہے ۔ اسی لئے آج یہ پروگرام ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر کامیاب ثابت ہوا ۔ عوام میں اس پروگرام کے سلسلہ میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا اور ہرکوئی پودا لگانے کیلئے کوشاں دکھائی دے رہے تھے ۔ سرکاری مدارس میں طلبہ اور مدرسین بھی شجرکاری پروگرام میں سرگرم حصہ لیا ۔ یہاں تک کہ جن سرکاری مدارس میں شجرکاری کرنے کیلئے زمین نہیں ہے ان مدارس میں چھوٹے چھوٹے بچے مٹی کی گملوں میں پودے لگاکر اپنی خوشی کا اظہار کررہے تھے ۔ ریاستی سطح پر کروڑہا پودوں کی شجرکاری کے ذریعہ تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے شروع کردہ ہریتا ہارم پروگرام کیلئے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا اور توقع سے کہیں زیادہ کامیاب ثابت ہوا ۔ اسی دوران
چندر شیکھر راؤ نے آج ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیا ۔ انہوں نے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں منظم کردہ ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے نمس کے احاطہ میں نیم و دیگر درختوں کے پودے لگائے اور ان پودوں کو پانی ڈالا ۔ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں منظم کردہ ہریتا ہارم پروگرام میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ  کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ‘ وزیر صحت و طبابت لکشما ریڈی کے علاوہ نمس کے عہدیدار بھی کثیر تعداد میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہریتا ہارم پروگرام کو صرف حکومت کا پروگرام تصور نہ کریں بلکہ اپنے گھر کا ذاتی کام تصور کرتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں پودوں کی شجرکاری کرنے کی پُرزور خواہش کی اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا اہم رول ادا کریں ۔
شہرمیں 25لاکھ پودوں کی
شجرکاری  : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 11جولائی ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے منظم کردہ ’’ ہریتا ہارم ‘‘ پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں حصہ لینے والے ہر ایک سے ( مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں سے ) وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اظہار تشکر کیا ۔ بالخصوص شہر حیدرآباد کے عوام کی خصوصی دلچسپی جوش و خروش کے ساتھ پودوں کی شجرکاری ’’ہریتا ہارم ‘‘ پروگرام میں حصہ لیکر اس پروگرام کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنایا ۔ کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ صرف دس گھنٹوں میں ہی جی ایچ ایم سی حدود میں زائد از 25 لاکھ  پودوں کی شجرکاری کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے منظم کردہ ہریتا ہارم پروگرام میں ہر کوئی ( تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں نے ) سرگرم حصہ لیتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پودوں کی شجرکاری کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت کرنے کی مکمل ذمہ داری بھی ہر ایک کو قبول کرنے کی شدید ضرورت ہے تاکہ پودے بڑے ہوسکیں اور ہر کسی کیلئے سایہ دار درخت بن سکیں ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ ہریتا ہارم پروگرام کے موقع پر ریاست بھر میں ریاستی وزراء ‘ارکان اسمبلی و ارکان کونسل ‘ارکان پارلیمان و دیگر منتخبہ عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری عہدیدار اور عوام نے سرگرم حصہ لیا ۔

TOPPOPULARRECENT