Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کو دیہی علاقوں تک وسعت

تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کو دیہی علاقوں تک وسعت

حکومت کی صنعتی پالیسی انتہائی شفاف ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کا بیان

حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز): حکومت تلنگانہ صنعتوں کے قیام کو صرف حیدرآباد تک ہی محدود نہیں کرے گی بلکہ دیہی علاقوں تک وسعت دی جائے گی ۔ آج یہاں محکمہ انڈسٹریز کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے اپنا اظہار خیال کرنے کے دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے یہ بات کہی اور بتایا کہ تعمیری شعبہ میں ریتی کی پائی جانے والی کمی ( قلت ) کے مسئلہ سے نمٹنے کی سخت ضرورت ہے ۔ اور اس کے لیے تعمیری کاموں میں ریت کے استعمال کرنے سے گریز کرتے ہوئے ’ راک سینئہ ‘ کے استعمال کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے بعض صنعتی اداروں کو دستاویزات اجازت نامہ جات بھی حوالہ کیے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ تائیوان ، جاپان اور کوریا کی مدد و تعاون سے الیکٹرانک شعبہ میں مل کر کام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز پالیسی ( صنعتی پالیسی ) تلنگانہ حکومت کی اہم پالیسی ہے اور تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کی دنیا بھر میں زبردست ستائش کی جارہی ہے اور کئی ریاستی حکومتیں تلنگانہ کی پالیسی کے تعلق سے دریافت کر کے مکمل طور پر معلومات حاصل کررہی ہیں ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی انتہائی شفاف انداز میں مرتب کی گئی ہے اور صنعتی اداروں کے قیام کی اجازتوں کے حصول میں آسانی پیدا کی گئی ہے اور اس طرح شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں صنعتوں کے قیام کے ذریعہ دیہی علاقوں و اضلاع میں روزگار کے مواقعوں کو یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر موصوف نے محکمہ معدنیات کی دوسری سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ معدنی شعبہ میں بھی ورکرس کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور معدنی شعبہ کے ورکرس کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اسکیمات متعارف کی جارہی ہیں اور سال 2015-16 میں محکمہ معدنیات میں 2772 کروڑ کی آمدنی ہوسکی ۔ اور سال 2016-17 کے لیے 4 ہزار کروڑ روپئے آمدنی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے قبل ازیں آج حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ ’ آدی بٹلہ ‘ کے مقام پر جہازوں کے پرزے تیار کرنے والی صنعتی یونٹ ’ ٹاٹا ۔ بوئنگ یونٹ ‘ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد اپنا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست میں صنعتوں کے قیام کے لیے انتہائی شفافیت کے ساتھ مقررہ مدت کے دوران اجازت و منطوریاں دے رہی ہے ۔ بالخصوص ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ دفاعی شعبہ میں ایرو اسپیس پارک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس شعبہ سے حاصل ہونے والی تجاویز و مشوروں کے مطابق آنے والے دنوں میں دفاعی شعبہ میں ایرو اسپیس پالیسی بھی حکومت تلنگانہ حکومت اعلان کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی شراکت داری کے ذریعہ حیدرآباد میں ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم اور چیف منسٹر تلنگانہ کی قیادت میں ریاست کو دفاعی تحفظ شعبہ کی اشیاء (آوزار ) تیاری کیلئے بین الاقوامی مرکز میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ریاست میں ٹاٹا بوئنگ ایرو اسپیس یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ تمام صنعتوں کے لیے آن لائن درخواستیں داخل کرنے پر شفافیت کے ساتھ صنعتوں کے قیام کی منظوریاں دی جائیں گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT